وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار کی زیر صدارت کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی کا اجلاس،آٹوموٹو ڈویلپمنٹ پالیسی 2016-21ء کی منظوری دیدی

ہفتہ 19 مارچ 2016 09:28

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔ 19مارچ۔2016ء) وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار کی زیر صدارت کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی کا اجلاس ہوا۔ ای سی سی نے تفصیلی مشاورت کے بعد آٹوموٹو ڈویلپمنٹ پالیسی 2016-21ء کی منظوری دیدی۔ پالیسی کا مقصد زیادہ مقدار میں بہتر سرمایہ کاری، بہتر مسابقت اور جدید ٹیکنالوجی سے بہتر معیار کے لئے سہولت فراہم کرنا ہے۔

پالیسی کا مقصد تمام سٹیک ہولڈرز کیلئے پائیداری کو یقینی بنانے کیلئے صنعتی ترقی اور محصولات کے درمیان توازن پیدا کرنا ہے۔ یہ مستقل پالیسی اور سرمایہ کاروں کیلئے پیشگی اطلاع کے ساتھ ساتھ صارف کی فلاح کو بھی یقینی بنائے گی۔ آٹو موٹو ڈویلپمنٹ پالیسی 2016-21ء کو 21 مارچ 2016ء پیر کو باضابطہ طور پر جاری کر دیا جائے گا۔

(جاری ہے)

وزارت پٹرولیم و قدرتی وسائل کی طرف سے پیش کی جانے والی تجویز پر ای سی سی نے او جی ڈی سی ایل کی قادر پور گیس فیلڈ سے ٹی این بی ایل پی ایل کو 2025-26ء تک 45 ایم ایم سی ایف ڈی گیس فراہمی کی منظوری دی تاکہ وہ قومی گریڈ کو 211 میگاواٹ بجلی کی فراہمی کو جاری رکھ سکے۔

ای سی سی نے پی آئی اے کی گارنٹیز کو 146 ارب سے بڑھا کر 151 ارب روپے کرنے کی اجازت دی جس سے قومی ایئر لائن کو واجبات کی ادائیگی میں مدد ملے گی۔ ای سی سی نے وزارت نیشنل فوڈ سیکورٹی اینڈ ریسرچ کی جانب سے پیش کردہ تجویز کی منظوری دیتے ہوئے گندم اور آٹے کی برآمد کی تاریخ میں 15 جون تک توسیع دیدی۔ ایف بی آر کی جانب سے پیش ایک تجویز پر ای سی سی نے 30 جون 2016ء تک لوہے اور سٹیل کی مصنوعات کی درآمد پر 15 فیصد اضافی ریگولیٹری ڈیوٹی کی لیوی کی منظوری دیدی۔

ای سی سی نے ایلومینیم allay پر 10 فیصد ریگولیٹری ڈیوٹی کی لیوی کی منظوری بھی دی۔ فیڈرل بورڈ آف ریونیو کی ایک اور تجویز پر ای سی سی نے نان فائلرز کیلئے ودہولڈنگ ٹیکس میں عشاریہ 4 فیصد کمی کی آخری تاریخ میں 31 مارچ تک توسیع دینے کی بھی منظوری دی۔ ای سی سی نے وزارت پانی و بجلی کی جانب سے بھجوائی گئی آر ایل این جی پر چلنے والی آر پی پیز کے بارے میں تجاویز پر تفصیلی غور کیا ۔ آئی سی سی نے 1000 میگاواٹ آر۔ایل این جی پر چلنے والے آئی پی پیز کی بولی جمع کرانے کی تاریخ میں 5 اپریل تک توسیع کی منظوری دی۔

متعلقہ عنوان :