ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کی سب سے بڑی جنگ بھارت نے جیت لی ،بھارتی سورماؤں نے پاکستان کو6 وکٹوں سے شکست دیدی،پاکستانی شائقین کو مایوسی کا سامنا ،بھارتی ٹیم نے 119 رنز کا ہدف 16اوور میں حاصل کیا،ویرات کوہلی 55،یووراج 24 ،دھونی 12 اور شرما 10 رنز کے ساتھ نمایاں رہے ،محمد سمیع نے 2 ، عامر اور وہاب نے ایک ایک وکٹ حاصل کی،پاکستان کی جانب سے شعیب ملک 26احمد شہزاد25اورعمر اکمل 22رنز بنا کر قابل ذکر رہے،بھارت کی جانب سے پانڈیا،بمرا ،نہرا،جدیجااور سریش رائنا نے ایک ایک وکٹ حاصل کی،55 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلنے پرویرات کوہلی مین آف دی میچ قرار پائے

اتوار 20 مارچ 2016 10:52

کولکتہ(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔20مارچ۔2016ء ) ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کی سب سے بڑی جنگ بھارت نے جیت لی ،بھارتی سورماؤں نے پاکستان کو6 وکٹوں سے شکست دیدی،پاکستانی شائقین کو مایوسی کا سامنا کرنا پڑا،بھارتی ٹیم نے 119 رنز کا ہدف 16اوور میں حاصل کیا،ویرات کوہلی 55،یووراج 24 ،دھونی 12 اور شرما 10 رنز کے ساتھ نمایاں رہے ،محمد سمیع نے 2 جبکہ عامر اور وہاب نے ایک ایک وکٹ حاصل کی،پاکستان کی جانب سے شعیب ملک 26احمد شہزاد25اورعمر اکمل 22رنز بنا کر قابل ذکر رہے،بھارت کی جانب سے پانڈیا،بمرا ،نہرا،جدیجااور سریش رائنا نے ایک ایک وکٹ حاصل کی،55 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلنے پرویرات کوہلی مین آف دی میچ قرار پائے ۔

ہفتہ کوبھارتی شہر کولکتہ کے ایڈن گارڈن میں کھیلے جارہے ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کے سب سے بڑے معرکے میں بھارتی ٹیم کے کپتان ایم ایس دھونی نے ٹاس جیت کر پاکستان کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی، قومی ٹیم نے مقررہ 18 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 118 رنز بنائے۔

(جاری ہے)

شرجیل خان اور احمد شہزاد نے اننگز کا آغاز کیا اور محتاط انداز میں بیٹنگ کرتے ہوئے ٹیم کو 38 رنز کا آغاز فراہم کیا، شرجیل خان 24 گیندوں پر 17 رنز بنا کر آوٴٹ ہوئے جب کہ دوسری وکٹ احمد شہزاد کی صورت میں گری وہ 27 گیندوں پر 25 رنز بنا کر پویلین لوٹے۔

احمد شہزاد نے بھارت کے خلاف ٹی 20 کرکٹ میں 1000 رنز مکمل کر کے پانچویں پاکستانی بیٹسمین بن گئے ۔ تیسرے نمبر پر بیٹنگ کیلیے آنے والے کپتان شاہد آفریدی بھی اسکور کرنے میں ناکام رہے وہ 14 گیندوں پر 8 رنز بناکر آوٴٹ ہوئے، عمر اکمل اور شعیب ملک نے چوتھی وکٹ کیلیے 41 رنز کی اہم شراکت داری قائم کی، عمر اکمل 16 گیندوں پر 22 رنز بنا کر پویلین لوٹے جب کہ شعیب ملک نے 15 گیندوں پر 26 رنز کی اننگز کھیلی۔

سرفراز احمد 8 اور محمد حفیظ 5 رنز پر ناٹ آوٴٹ رہے۔بھارت کی جانب سے ایشون، جڈیجا، اشیش نہرا، پانڈیا اور رائنا نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔شیکھر دھون اور روہت شرما نے اننگز کا آغاز کیا تو 14 کے مجموعی اسکور پر محمد عامر نے روہت کو 10 رنز پر پویلین بھیجا جب کہ محمد سمیع نے پانچویں اوور کی تیسری اور چوتھی گیند پر دھون کو 6 اور رائنا کو صفر پر بولڈ کیا۔

وہاب ریاض کی گیند پر یوراج سنگھ 24 رنز بنا کرآؤٹ ہوگئے ۔میچ میں ویرات کوہلی 55،یووراج سنگھ 24 ،دھونی 12 اور شرما 10 رنز کے ساتھ نمایاں رہے ،محمد سمیع نے 2 جبکہ عامر اور وہاب نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔55 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلنے پر ویرات کوہلی مین آف دی میچ قرار پائے۔کولکتہ میں ہونیوالی بارش کے باعث میچ تاخیر کا شکار ہوا۔ آئی سی سی کو پاک بھارت میچ 18 اوورز تک محدود کرنا پڑا۔

پاکستان کی ٹیم میں ایک تبدیلی کی گئی عماد وسیم کی جگہ محمد سمیع کو شامل کیا گیا جبکہ بھارت کی ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی۔پاک بھارت ٹاکرا دیکھنے کے لیے قومی ٹیم کے سابق کپتان عمران خان،عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید اور پاکستانی ہائی کمشنرعبدالباسط بھی ایڈن گارڈن میں موجود تھے ۔ میچ سے قبل عمران خان نے قومی کھلاڑیوں سے ملاقات کرکے انہیں مفید مشورے بھی دیئے۔

پاک بھارت میچ دیکھنے کیلیے بھارت کی اسپورٹس اور شوبز کی شخصیات بھی اسٹیڈیم میں موجود تھیں جن میں بھارتی میگا اسٹار امیتابھ بچن بھی شامل ہیں جنھوں نے میچ سے قبل بھارت کا قومی ترانہ بھی پڑھاجب کہ مغربی بنگال کی وزیراعلیٰ ممتا بینر جی، سابق بھارتی کپتان کپل دیو اور سنیل گواسکر سمیت دیگر شخصیات نے بھی اسٹیڈیم میں میچ دیکھا۔واضح رہے پاکستان اور بھارت کے درمیان ورلڈ ٹی 20 مقابلوں میں چار بار آمنے سامنے آ چکے ہیں جس میں بھارت ہی فاتح رہا ہے جبکہ مجموعی طور پر آئی سی سی ورلڈ ٹی 20 اور ورلڈ کپ مقابلوں میں دونوں ٹیمیں دس بار ایک دوسرے کے مدِ مقابل آ چکی ہیں جن میں سے پاکستان ایک بار بھی کامیابی حاصل نہیں کر پایا ہے۔

ایڈن گارڈنز کے میدان پر پاکستان کا بھارت کے خلاف ٹی 20 میں ریکارڈ اچھا رہا ہے۔ پاکستان اب تک بھارت کے خلاف ٹی 20 میں کوئی بھی میچ ایڈن گارڈنز میں نہیں ہارا تھا۔

متعلقہ عنوان :