تندرست ہوتے ہی وطن واپس جاؤں گا،پرویز مشرف،مقدمات سے خوفزدہ نہیں،عدالت نے نقل و حرکت کی اجازت دی ہے، امید کرتا ہوں کہ باقی مقدمات میں بھی انصاف ہو گا،کام کرنے کے لئے صحت ضروری ہے اور صحت کے لئے علاج، عیادت کیلئے آنے والے افراد سے گفتگو

اتوار 20 مارچ 2016 10:52

دبئی(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔20مارچ۔2016ء)آل پاکستان مسلم لیگ کے سربراہ جنرل(ر) پرویز مشرف نے کہا ہے کہ اپنے خلاف عدالتوں میں موجود مقدمات سے خوفزدہ نہیں ہوں، تندرست ہوتے ہی وطن واپس جاؤں گا۔ دوبئی میں اپنی رہائش گاہ پر عیادت کیلئے آنے والے افراد سے گفتگو کرتے ہوئے پرویز مشرف نے کہا کہ عدالت نے نقل و حرکت کی اجازت دی ہے، امید کرتا ہوں کہ باقی مقدمات میں بھی انصاف ہو گا۔

(جاری ہے)

میں اپنے ملک اور قوم کی خدمت کے لئے پیدا ہوا ہوں، تندرست ہو کر ایک دن بھی وطن سے باہر نہیں گزارنا چاہتا۔ انہوں نے کہا کہ کام کرنے کے لئے صحت ضروری ہے اور صحت کے لئے علاج۔ملکی ترقی کے لئے سرمایہ کاری کی ضرورت ہے، قرضوں سے ملک نہیں چل سکتا ہے۔ قرضے مع سود واپس کرنے پڑتے ہیں۔ہم امیر ممالک سے تعلقات اور اعتماد کی بنیاد پر سرمایہ کاری کروائیں گے۔ پرویز مشرف نے کہا کہ قومی دولت لوٹ کر بیرون ممالک جائیدیں بنانے والے آئندہ انتخابات میں بری طرح ناکام ہوں گے۔ہم تیسری سیاسی قوت بن کر ابھریں گے اور قوم کو درست سمت لے جائیں گے۔