وومن پروٹیکشن بل پر علماء کی رائے حاصل کرنے کے لئے خطوط جاری،ممتاز علماء کرام‘ پنجاب قرآن بورڈ‘ متحدہ علماء بورڈ‘ اتحادبین المسلمین کے ارکان کو مراسلے جاری،ڈویژنل اور ڈسٹرکٹ امن کمیٹیوں کے ارکان کو بھی مراسلے کی ترسیل‘دیگر علماء کو خطوط بھیجے جا رہے ہیں،حکومت پنجاب اسلام یا اسلامی تعلیمات کے منافی کسی قانون کی منظوری کا تصور بھی نہیں کر سکتی،علماء وومن پروٹیکشن بل کے بارے میں اعتراضات اور متبادل سفارشات سے آگاہ کریں:وزیرقانون کی اپیل،ناروا سلوک کا نشانہ بننے والی خواتین کی دادرسی حکومت کی ذمہ داری ہے‘رانا ثناء اللہ کی طرف سے جاری ہونے والے خط کا متن

اتوار 20 مارچ 2016 10:55

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔20مارچ۔2016ء )پنجاب وومن پروٹیکشن بل پر علماء کی رائے حاصل کرنے کے لئے سرکاری طور پر خطوط جاری کر دیئے گئے۔ حکومت پنجاب کے ترجمان نے بتایا کہ ممتازعلماء کرام‘ پنجاب قرآن بورڈ‘ متحدہ علماء بورڈ‘ اتحاد بین المسلمین کے ارکان کو مراسلے جاری کر دیئے گئے ہیں جبکہ ڈویژنل اور ڈسٹرکٹ امن کمیٹی گوجرانوالہ‘ راولپنڈی‘ ڈی جی خان اور بہاولپور کے ارکان کو بھی مراسلے کی ترسیل کا عمل مکمل ہو چکا ہے۔

دیگر علما کرام کو خطوط کی ترسیل کا عمل مکمل ہونے کو ہے۔ وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف کی ہدایت پر وزیرقانون رانا ثناء اللہ خان کی طرف سے جاری ہونے والے خط میں کہا گیا ہے کہ حکومت پنجاب اسلام یا اسلامی تعلیمات کے منافی کسی قانون کی منظوری کا تصور بھی نہیں کر سکتی۔

(جاری ہے)

کسی بھی شعبے میں انسانی کوشش میں اصلاح کی اہمیت کے پیش نظر حکومت پنجاب نے مذکورہ بل کے حوالے سے علماء کرام سے تجاویز بھیجنے کی درخواست کا فیصلہ کیاہے۔

اپنے خصوصی عریضہ میں رانا ثناء اللہ خان نے علماء کرام سے اپیل کی ہے کہ پنجاب وومن پروٹیکشن بل کی ان شقوں کے بارے میں حکومت پنجاب کو نہ صرف اعتراضات اور ان کے متبادل سفارشات سے آگاہ کریں جو علماء کرام کے نزدیک اسلامی تعلیمات سے مطابقت نہیں رکھتیں۔ وزیرقانون رانا ثناء اللہ خاں نے اپنے خصوصی خط میں علماء کرام کی توجہ دلاتے ہوئے بتایا ہے کہ پاکستان میں خواتین کی بہت بڑی تعداد کو ناروا سلوک اور جسمانی تشدد کے علاوہ جائز حقوق سے محرومی جیسے سنگین مسائل کا سامنا ہے۔ ناروا سلوک کا نشانہ بننے والی خواتین کی دادرسی حکومت کی ذمہ داری ہے۔ وومن پروٹیکشن بل کے ذریعے حکومت اپنی ذمہ داری سے عہدہ برا ہونے کے لئے کوشاں ہے۔

متعلقہ عنوان :