کراچی،بلاو ل بھٹو زرداری کی زیر صدارت پیپلزپارٹی ا کا اعلیٰ سطحی اجلاس،ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال خصوصاً سندھ میں امن وامان کی صورتحال اور تنظیمی امور پر غور ، چیئرمین پی پی پی کو 4اپریل کو گڑہی خدا بخش میں ذوالفقار بھٹو کی برسی کے موقع پر عوامی جلسے کی تیاریوں کے حوالے سے آگاہ کیا گیا ،کارکن عام انتخابات کے لیے بھرپورقبل ازتیاریاں شروع کردیں، پارٹی کو ملک کے کونے کونے میں متحرک اور سرگرم کرکے شاندار ماضی کو پارٹی کے دوسرے اور تیسرے نسل کے جیالوں میں تجدید کرنا ہے ،بلاول بھٹو

پیر 21 مارچ 2016 09:28

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔ 21مارچ۔2016ء) پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے پارٹی کے تمام رہنماؤں اور کارکنان سے کہا ہے کہ 2018ء کے عام انتخابات کے لیے بھرپورقبل ازتیاریاں شروع کی جائیں کیونکہ پارٹی کو پورے ملک کے کونے کونے میں متحرک اور سرگرم کرکے اس کے شاندار ماضی کو پارٹی کے دوسرے اور تیسرے نسل کے جیالوں میں تجدید کرنا ہے ،چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے ان خیالات کا اظہار اتوار کے روز بلاول ہاؤس میں ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال خصوصاً سندھ میں امن وامان کی صورتحال اور تنظیمی امور کے حوالے سے پاکستان پیپلزپارٹی اور ان کی ذیلی ونگز کے ایک اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہا، اجلاس میں پاکستان پیپلزپارٹی سندھ کے صدر وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ، قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر سید خورشید احمد شاہ، سینئر صوبائی وزیر نثار احمد کھوڑو، اسپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی، صوبائی وزراء مراد علی شاہ، جام مہتاب ڈہر اورناصر شاہ، وزیراعلیٰ سندھ کے مشیر برائے اطلاعات مولا بخش چانڈیو،پاکستان پیپلزپارٹی یوتھ ونگ سندھ کے صدر سینیٹر عاجز دھامراہ، پیپلز اسٹوڈنٹس فیڈریشن کے صدر سہراب خان مری، پاکستان پیپلزپارٹی لیڈیز ونگ سندھ کی صدر ایم این اے شگفتہ جمانی اور دیگر شریک تھے، چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ ذوالفقار علی بھٹو کی جانب سے جمہوریت اوربینظیر بھٹو کی جانب سے جمہوریت کی بحالی کے لیے شروع کی گئی جدوجہد اب بھی جاری ہے اور ہم جمہوری نظام کو مستحکم کرنے کے لیے سخت جدوجہد کرکے اس مقام پر پہنچائیں گے جس مقام پر پارٹی کی قیادت نے قربانیاں دے کر پہنچایا تھا،بلاول بھٹو زرداری نے مزید کہا کہ آمریتی قوتیں جمہوریت کو کمزور کرنے کی سازشیں کرتی رہی ہیں لیکن پاکستان پیپلزپارٹی اور دوسری جمہوری اور ترقی پسند سیاسی جماعتیں مل کر ایسی سازشوں کو ناکام بنائیں گی،اس موقع پر پارٹی رہنماؤں نے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کو 4اپریل کو گڑہی خدا بخش میں ذوالفقار علی بھٹو کی برسی کے موقع پر عوامی جلسے کی تیاریوں کے حوالے سے آگاہ کیا، اجلاس میں 4اپریل کوذوالفقار علی بھٹو ارو 27دسمبر کو بینظیر بھٹو کی برسیاں منانے کے حوالے سے نثار احمد کھوڑو، ناصر شاہ اور مولا بخش چانڈیو پر مشتمل تین رکنی مستقل کمیٹی بنا دی گئی۔