وزیر آباد، این اے 101 میں پی ٹی آئی کا دھاندلی کا الزام ، کارکنوں نے ریٹرنگ آفیسر کے دفتر پر دھاوا بول دیا ، پی ٹی آئی کارکنوں نے دفتر کے باہر کھڑی گاڑیوں کے شیشے توڑ دیئے ، ریٹرنگ آفیسر کے دفتر میں داخل ہونے کی کوشش ، پولیس کی ہوائی فائرنگ اور لاٹھی چارج

بدھ 23 مارچ 2016 09:51

وزیر آباد ( اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔ 23مارچ۔2016ء ) وزیر آباد میں قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 101 کے ضمنی الیکشن کے دوران پاکستان تحریک انصاف کے کارکنوں نے دھاندلی کا الزام لگاتے ہوئے ڈسٹرکٹ ریٹرنگ آفیسر کے دفتر پر دھاوا بول دیا ۔ پی ٹی آئی کے کارکنوں نے دفتر کے باہر کھڑی گاڑیوں کے شیشے توڑ دیئے اور ریٹرنگ آفیسر کے دفتر میں داخل ہونے کی کوشش کی جنہیں روکنے کے لئے پولیس نے ہوائی فائرنگ کی ۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق منگل کو وزیر آباد میں قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 101 میں ضمنی الیکشن کے نتائج کے دوران پاکستان تحریک انصاف کے کارکن مشتعل ہو گئے اور ڈسٹرکٹ ریٹرنگ آفیسر کے دفتر پر دھاوا بول دیا ۔ پی ٹی آئی کے کارکنوں نے ہاتھوں میں پارٹی پرچم اور ڈنڈے اٹھا رکھے تھے ۔ مشتعل کارکنوں نے ریٹرنگ آفیسر کے دفتر کے باہر کھڑی گاڑیوں کے شیشے توڑ دیئے اور زبردستی دفتر میں داخل ہونے کی کوشش کی تاہم واقع کی اطلاع ملتے ہی پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی اور اس نے پی ٹی آئی کارکنوں کو منتشر کرنے کے لئے ہوائی فائرنگ کی اس موقع پر پی ٹی آئی کارکنوں نے الزام لگایا کہ انتظامیہ نتائج کے اعلان میں تاخیر اور دھاندلی کرکے حکمران جماعت کے امیدوار کو جیتوانے کی کوشش کر رہی ہے ۔