ملک بھر میں 76 واں یوم پاکستان ملی جوش و جذبے سے منایا گیا،اسلام آباد میں پاک فوج کی شاندار پریڈ،طیاروں کی گھن گرج،کمانڈوز کا مارچ،صدر ،وزیر اعظم ،جنرل راحیل شریف سمیت افواج کے سربراہوں نے سلامی لی،دن کا آغاز نماز فجر کے بعد ملک کیلئے خصوصی دعاؤں سے ہوا، وفاقی دارالحکومت میں31 جبکہ صوبائی دارالحکومتوں میں21,21 توپوں کی سلامی ،پریڈ میں فلائی پاسٹ کی قیادت فضائیہ کے سربراہ ایئرچیف مارشل سہیل امان نے کی ،، جی او سی اسپیشل سروسز گروپ میجرجنرل پیرا ٹروپرز کے ہمراہ دس ہزار فٹ کی بلندی سے فری فال کا مظاہرہ کیا،ملک بھر میں شہری سڑکوں پر نکل آئے ،پاکستان زندہ باد کے نعرے لگاتے رہے،چاروں صوبائی دارالحکومتوں میں تقاریب کا انعقاد ،مزار قائد پروقار تقریب کا اہتمام، علامہ اقبال کے مزار کے فضائیہ کے چاق و چوبند دستے نے گارڈ فرائض سنبھال لئے

جمعرات 24 مارچ 2016 09:59

اسلام آباد ،لاہور،پشاور ،کراچی ،کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔ 24مارچ۔2016ء)آزاد جموں و کشمیر ،گلگت بلتستان سمیت ملک بھر میں 76 واں یوم پاکستان ملی جوش و جذبے کے ساتھ منایا گیا ،وفاقی دارالحکومت میں مسلح افواج کی شاندار پریڈ ہوئی جس میں جدید سامان حرب کی نمائش بھی کی گئی،اسلام آباد ،پشاور ،لاہور ،کوئٹہ سمیت ملک کے مختلف شہروں میں یوم پاکستان کے حوالے سے تقاریب کا انعقاد کیا گیا،لوگ سڑکوں پر نکل آئے اور مختلف ریلیاں اور جلوس نکال کر ملک سے محبت کا اظہار کیا اور پاکستان زندہ باد کے نعرے لگائے ،اسلام آباد میں 31 اور صوبائی دارالحکومتوں میں 21,21 توپوں کی سلامی دیگر دن کا آغاز کیا گیا ،ملک بھر میں یوم پاکستان اس عزم کی تجدید کے ساتھ منایاگیا کہ انتہا پسند اور دہشت گرد قوتوں کوشکست دے کر ملک کی ترقی، خوشحالی اور استحکام کیلئے پوری لگن سے کام کیا جائے گا،نماز فجر کے بعد قوم کی خوشحالی اور سلامتی کی دعائیں مانگی گئیں،وفاقی دارالحکومت میں شکرپڑیاں کے قریب مسلح افواج کی شاندار پریڈ کا انعقاد کیا گیا جس میں صدر ممنون حسین تقریب کے مہمان خصوصی تھے جبکہ وزیر اعظم نوازشریف، وزیر دفاع خواجہ آصف ،چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل راشد محمود ،بری فوج کے سربراہ جنرل راحیل شریف ،فضائیہ کے سربراہ ائیر چیف مارشل سہیل امان، بحریہ کے سربراہ ایڈمرل ذکاء اللہ ،غیر ملکی سفارت کاروں ، سپیکر قومی اسمبلی ،چیئرمین سینیٹ ،اراکین پارلیمنٹ ،وفاقی و صوبائی وزراء کے علاوہ ہزاروں کی تعداد میں عوام نے شرکت کی ،پریڈ کے مہمان خصوصی صدر ممنون حسین صدارتی بَگھی پر پریڈ گراوٴنڈ پہنچے، جہاں وزیر اعظم اور تینوں مسلح افواج کے سربراہان نے ان کا استقبال کیا،تقریب کا آغاز صدر مملکت کو پاک فضائیہ کی جانب سے دی جانے والی سلامی سے ہوا ، صدر ممنون حسین نے یوم پاکستان میں شریک مسلح افواج کے جوانوں کے دستوں کا معائنہ کیا اور انھیں یوم پاکستان کی مبارکباد بھی دی،میراج ،اواکس اور ساب طیاروں کی فارمیشنز نے شاندار فلائی پاسٹ پیش کیا ،طیاروں کی گھن گرج نے لوگوں کا خون گرما دیا،مسلح افواج کے زیر استعمال کوبرا اور دیگر ہیلی کاپٹر نے بھی فلائی پاسٹ میں حصہ لیا،پاکستان آرمی، فضائیہ، بحریہ، فرنٹیئر کورپس، رینجرز، پولیس، بوائز اسکاوٴٹس اور گرلز گائیڈ کے دستوں نے شاندار مارچ پاسٹ کیا اور مہمانِ خصوصی کو سلامی پیش کی،مارچ پاسٹ کا آغاز ہوا تو پوری پریڈ گراؤنڈ نعرہ تکبیر اور پاکستان زندہ باد کے نعروں سے گونج اٹھی ،الخالداور الضرار ٹینک کے دستوں نے بھی خصوصی سلامی پیش کی ،پریڈ میں مقامی طور پر تیار کردہ چھوٹے اور بڑے فاصلے تک مار کرنے والے میزائلوں نصر ،بابر ،شاہین ون اور شاہین ٹو کی نمائش بھی کی گئی، پریڈ میں فلائی پاسٹ کی قیادت فضائیہ کے سربراہ ایئرچیف مارشل سہیل امان نے کی ،، جی او سی اسپیشل سروسز گروپ میجرجنرل پیرا ٹروپرز کے ہمراہ دس ہزار فٹ کی بلندی سے فری فال کا مظاہرہ کیا، چین کی طرف سے تحفے میں دیئے گئے جنگی ہیلی کاپٹر زی 10 اور ترکی کے تربیتی طیارے ٹی 37 پہلی بار پریڈ کا حصہ رہے، پہلی بار بلوچستان کے فلوٹ پرچین کا جھنڈا بھی لہرایا گیا،اسٹیلتھ ٹیکنالوجی سے لیس اور ایٹمی وار ہیڈ لیجانے والے میزائل سسٹمز، اسلحہ بردار ڈرون ”برق“ اور گائیڈڈ میزائل ”براق“ ایف 16 اور پاک چین اشتراک سے بنا جے ایف 17 تھنڈر پریڈ کا حصہ رہے اس کے علاوہ جدید ریڈار اور طور پر تیار کردہ مسلح ڈرون (براق) کوبھی پیش کیا گیا،پریڈ کے شرکاء نے دلچسپی لیتے ہوئے داد و تحسین پیش کیا،تقریب میں سپیشل سروسز گروپ کے جوانوں نے دس ہزار فٹ کی بلندی سے قومی پرچم کے ساتھ فری فال پیراٹروپنگ کا شاندار مظاہرہ کیا ،تقریب کا اختتام مختلف سکولوں سے تعلق رکھنے والے بچوں کی جانب سے گائے گئے ملی نغموں پر ہوا،وفاقی دارالحکومت میں مسلح افواج کی پریڈ کے موقع پر سخت حفاظتی اقدامات کئے گئے تھے،اسلام آباد اور راولپنڈی میں ریڈ الرٹ کا نفاذ کیا گیا تھا،اسلام آباد کے داخلی وخارجی راستوں پر پولیس اور رینجرز کو تعینات کیاگیا جبکہ حساس عمارتوں کی ذمہ داری فوج کوسونپی گئی تھی جبکہ حفاظتی اقدام کے طور پر شہر میں موبائل فون سروس دوپہر تین بجے تک بند رہی،یوم پاکستان پر لاہور اور کوئٹہ میں عسکری میلوں کے دوران سامان حرب کی نمائش بھی کی گئی ، جڑواں شہروں میں دوپہر 3 بجے تک موبائل فون سروس بھی معطل رہے گی۔

(جاری ہے)

یوم پاکستان کے موقع پر اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے ہال میں پہلی بار ایک محفل موسیقی کا اہتمام کیاگیا ہے۔ صوبائی دارالحکومت لاہور میں دن کا آغاز 21 توپوں کی سلامی سے کیا گیا،سلامی کے وقت فضا تکبیر کے نعروں سے گونج اٹھی ، سلامی کی تقریب میں پاک فوج کے اعلیٰ حکام بھی موجود تھے، لاہور میں ڈیفنس کے قریب محفوظ شہید گریژن میں نماز فجر کے فوراً بعد ہونے والی تقریب کے دوران پاک فوج کے چاک و چوبند دستے کی جانب سے اکیس توپوں کی سلامی دی گئی۔

سلامی کے وقت فضا تکبیر کے نعروں سے گونج اٹھی۔ اس موقع پر مزار اقبال پر گارڈ کی تبدیلی پروقار تقریب منعقد ہوئی ،تقریب میں پاک فضائیہ کے چاق و چوبند دستے نے گارڈ فرائض سنبھال لئے ،تقریب کے مہمان خصوصی بیس کمانڈر ائیر بیس لاہور ائیر کموڈور سلمان محبوب نے انجام دیئے ،خیبر پختونخواہ کے صوبائی دارالحکومت پشاور میں یوم پاکستان کی مرکزی تقاریب کا اہتمام کیا گیا ا س موقع پر سکیورٹی کے خصوصی انتظامات کئے گئے ہیں،حساس مقامات پر پولیس اہلکار تعینات رہے،پولیس حکام کے مطابق یوم پاکستان کے موقع پر دو ہزار پولیس نفری سکیورٹی کے فرائض سرانجام دے رہی ہے،کینٹ اور سٹی کے مختلف حساس مقامات پر پولیس اہلکار تعینات تھے،یوم پاکستان کی ریلیاں اور پروگراموں کے موقع پر بھی پولیس نفری تعینات رہے گی۔

نواحی علاقوں بالخصوص فاٹا سے ملحقہ علاقوں متنی، بڈھ بیر، سربند اور متھرا میں پولیس کو اضافی گشت کی ہدایات بھی جاری کی گئی ہیں۔صوبہ سندھ کے دارالحکومت میں کراچی میں بھی یوم پاکستان کی مرکزی تقریب مزارقائد پر منعقد ہوئی ، گورنر سندھ،وزیراعلیٰ پیپلز پارٹی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے بھی مزار قائد پر حاضری دی ،اس موقع پر سیاسی رہنماؤں نے بانی پاکستان کے مزار پر پھولوں کی چادریں چڑھائیں اور فاتحہ خوانی کی ،سینئر وزیر نثار کھوڑو ،منظور وسان،کمشنر کراچی اور شرمیلا فاروقی بھی ان کے ہمراہ تھی انہوں نے بھی مزار قائد پر پھول چڑھائے اور برصغیر کے اس عظیم قائد کو خراج عقیدت پیش کیا۔

ادھر کوئٹہ میں بھی یوم پاکستان قومی جذبے وجوش و خروش سے منایا گیا ،دن کا آغاز مساجد اور گھروں میں ملکی سلامتی اور خوشحالی کی دعاؤں سے ہوا ،کوئٹہ کینٹ میں 21 توپوں کی سلامی دی گئی جبکہ اس دن کی مناسبت سے دارالحکومت سمیت صوبہ بھر میں مختلف تقاریب کاا نعقاد بھی کیا گیا،کوئٹہ کے گورنر ہاؤس میں تقسیم اعزاز ات کی تقریب منعقد ہوئی جہاں گورنر بلوچستان محمد خان اچکزئی نے صدر مملکت کی جانب سے نمایاں کارکردگی کی حامل شخصیات میں اعزازات تقسیم کئے ،دوسری جانب اہم تقریب کا انعقاد فرنٹیئر کور کے زیر اہتمام زیارت شہر میں بھی ہوا ،یہ تقریب قائد اعظم ریذیڈنسی میں منعقد کی گئی جس میں وزیراعلی بلوچستان نواب ثناء اللہ زہری نے شرکت کی ،دوسری جانب آزاد کشمیر کے دارالحکومت مظفر آباد میں یوم پاکستان کے حوالے سے تقاریبات کا اہتمام کیا گیا جس میں صدر سردار یعقوب خان اور وزیر اعظم چوہدری عبد المجید نے شرکت کی ۔