جب بھی ایران پاکستان کے قریب ہوتے ہیں افواہیں گردش کرنے لگ جاتی ہیں،حسن روحانی ، گیس پائپ لائن پر کام جاری ہے ، ایران کا جوہری معاہدہ پوری دنیا کیلئے مثال ہے،جنرل راحیل شریف سے گرفتار بھارتی جاسوس سے متعلق کوئی بات چیت نہیں ہوئی،علاقائی سلامتی کے امور پر تبادلہ خیال ہوا، ہمیں ایک دوسرے کے مذاہب اور مسالک کا احترام کرنا ہوگا، مشرقی وسطی میں مسلمان ایک دوسرے کے خون کے پیاسے ہوچکے ہیں، صیہونی آرام کی زندگی گزار رہے ہیں ،ایرانی صدر کا دانشوروں‘ علماء اور سیاستدانوں کی نشست سے خطاب

اتوار 27 مارچ 2016 11:08

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔ 27مارچ۔2016ء) ایرانی صدر حسن روحانی نے کہا ہے کہ جب بھی ایران اور پاکستان ایک دوسرے کے قریب ہوتے ہیں افواہیں گردش کرنے لگ جاتی ہیں،پاک ایران گیس پائپ لائن پر کام جاری ہے ، ایران کا جوہری معاہدہ پوری دنیا کیلئے مثال ہے،ہمیں ایک دوسرے کے مذاہب اور مسالک کا احترام کرنا ہوگا،مشرقی وسطی میں مسلمان ایک دوسرے کے خون کے پیاسے ہوچکے ہیں۔

صہیونی آرام کی زندگی گزار رہے ہیں ،انہوں نے ان خیالات کا اظہار ہفتہ کو یہاں دانشوروں‘ علماء اور سیاستدانوں کی نشست سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ ایرانی صدر حسن روحانی کا کہنا ہے کہ ہمیں ایک دوسرے کے مذاہب اور مسالک کا احترام کرنا ہوگا۔ کیا ماضی میں شیعہ اور سنی اکٹھے زندگی نہیں گزار رہے تھے۔

(جاری ہے)

کیا ہم پوچھتے ہیں کہ علامہ اقبال شیعہ یا سنی تھا۔

علماء کرام کو رسول کی سیرت اپنانا چاہیے آج عراق تباہ ہوچکا ہے شام خون آلود ہے ۔ اسلامی دنیا میں مسلمان حد سے زیادہ مجبور ہوگئے ہیں آج کفر متحد اور مسلمان تقسیم ہوچکے ہیں۔ عراق اور شام میں بھی شیعہ سنی ایک دوسرے کے ساتھ رہے ہیں ہم جنگ کرتے رہے اور دشمن اسلحہ بیچتے رہے۔ صیہونی آرام سے زندگی گزار رہے ہیں اور ہمیں تکلیف کا سامنا ہے ہم اسلامی ثقافت کو بھلا چکے ہیں۔

حدیث میں ہے کہ اسلام امن اور محبت کا مذہب ہے ہمیں اتحاد کے ساتھ اپنی ثقافت کی طرف لوٹنے کی ضرورت ہے۔ دینی مدارس کو چاہیے کہ مسلمانوں کو متحد کرنے کیلئے کردار ادا کریں۔ انہوں نے کہا کہ پاک فوج نے دہشت گردوں کے خلاف بے پناہ قربانیاں دی ہیں۔ آ رمی چیف جنرل راحیل شریف سے گرفتار بھارتی جاسوس سے متعلق کوئی بات چیت نہیں ہوئی۔ ان کے ساتھ علاقائی سلامتی کے امور پر تبادلہ خیال ہوا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان اور ایران توانائی کے شعبے میں تعاون کررہے ہیں گیس پائپ لائن اور بجلی کی برآمد پر عمل پیرا ہیں۔ دونوں ممالک گہری دوستی اور برادرانہ تعلقات کے رشتوں میں بندھے ہوئے ہیں۔ ایران پہلا ملک ہے جس نے پہلے پاکستان کو تسلیم کیا ۔ انہوں نے کہا کہ ایران پاکستان کو بجلی فراہمی کیلئے پر عزم ہے ۔ مواصلات رابطے دونوں ممالک کے مفاد میں ہیں ہم نے مسائل کو مذاکرات کے ذریعے حل کرکے دنیا کو دکھا دیا ۔ ایران کا جوہری معاہدہ پوری دنیا کیلئے مثال ہے۔