پاکستان،ایران کا سیکورٹی تعاون مستحکم کرنے کیلئے ٹاسک فورس قائم کرنے کا فیصلہ،دونوں ملکوں کے وزارئے داخلہ کی نگرانی میں قائم ٹاسک فورس باہمی تشویش کے امور کی نشاندہی اور ان کے حل کیلئے سفارشات تجویز کریگی،وزیر داخلہ سے ایرانی ہم منصب کی ملاقات،منشیات،انسانی اسمگلنگ، سرحد پار جرائم کنٹرول کرنیکیلئے انٹیلی جنس شیئرنگ بڑھانے پر اتفاق

اتوار 27 مارچ 2016 11:11

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔ 27مارچ۔2016ء) پاکستان اور ایران نے دونوں ملکوں کے درمیان سیکورٹی تعاون کو مستحکم کرنے کے علاوہ باہمی تشویش کے امور کی نشاندہی اور ان کے مئوثر حل کیلئے سفارشات تجویز کرنے کیلئے دونوں ملکوں کے وزارئے داخلہ کی نگرانی میں اعلی سطح کی ٹاسک فورس قائم کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ اس بات کا فیصلہ گزشتہ روز وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان اور ایرانی ہم منصب رحمانی فاضلی کے درمیان پنجاب ہاؤس میں ملاقات کے دوران کیاگیا۔

ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان سیکورٹی تعاون کو مضبوط بنانے ، خطے میں امن و سلامتی کو یقینی بنانے کے لیے ملکر کام کرنے کے عزم کا اعادہ اور منشیات کی اسمگلنگ اور انسانی اسمگلنگ سمیت سرحد پار جرائم کو کنٹرول کرنے، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور موٴثر سرحدی انتظام کے لئے انٹیلی جنس شیئرنگ کے وسیع تر رابطے بڑھانے پر اتفاق کیا گیاہے ۔

(جاری ہے)

دونوں رہنماوٴں کے درمیان ملاقات میں باہمی تعلقات مزید مضبوط بنانے، قانون نافذ کرنے والے اداروں کے درمیان بات چیت کے طریقہ کار، مشترکہ چیلنجوں اور سرحدی علاقے میں تعاون کی موجودہ سطح پر توجہ مرکوز کرنے سمیت پاک ایران تعلقات کے تمام پہلووٴں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیر داخلہ نے اس موقع پرکہاکہ موجودہ حکومت اور پاکستان کے عوام مذہبی اور ثقافتی رشتوں اور جغرافیائی قربت کے علاوہ ایران کے ساتھ اپنے دوستانہ تعلقات کو قدرکی نگاہ سے دیکھتے ہیں ۔

وزیرداخلہ نے کہا کہ دونوں برادر ممالک کے درمیان اعتماد کے فروغ کیلئے کسی موقع کو ضائع نہیں چاہیے۔وزیر داخلہ نے غیر محفوظ پاک ایران سرحد کی موثر نگرانی اور انتظام کے لئے موجودہ طریقہ کار کو مضبوط بنانے کی ضرورت پر زوردیا۔ایرانی وزیر داخلہ کے وزیر داخلہ کے جذبات جواب میں کہا کہ دونوں ممالک کے عوام کے باہمی مفادات کی حفاظت کے لئے زیادہ سے زیادہ کوششیں کرنے اور منشیات اور انسانی سمگلنگ کی لعنت سمیت سرحد پار جرائم کو روکنے کی ضرورت ہے۔

وزیرداخلہ نے کہا کہ پاکستان کی حکومت انسانی اسمگلنگ کو روکنے کے لئے سنجیدہ کوششیں کر رہی ہے۔تاہم موٴثر طریقے سے اس جرم کوکنٹرول کرنے میں بڑی اور مشترکہ کوششیں کرنے کی ضرورت ہے۔دونوں فریقین کو مزید موٴثر طریقے سے انسانی اسمگلنگ کے خطرے کی جانچ پڑتال میں اپنے تعاون کو مضبوط کرنے پر اتفاق کیا۔دونوں رہنماوٴں نے مزید کہا کہ انٹیلی جنس شیئرنگ کے نظام کو مضبوط اور دونوں ممالک کے قانون نافذ کرنے والے اداروں کے درمیان رابطہ بڑھانے پر تبادلہ خیال کیاگیا۔

دونوں اطراف سے سیکورٹی کے علاقے میں تمام باہمی معاہدوں کو جلد عملدرآمد کی ضرورت پر اتفاق کیاگیا۔ وزیرداخلہ نے کہا کہ پاکستان خطے کی سلامتی اور سماجی و اقتصادی ترقی میں دلچسپی لے رہاہے اور خطے میں دیرپا امن کو یقینی بنانے کے لئے مخلصانہ کوششیں کر رہاہے۔

متعلقہ عنوان :