کویت اور پاکستان کے تعلقات مضبوط ہیں اورہمیشہ رہیں گے،کویتی وزیر سماجی اور و محنت ، پاکستانیوں کی موجودگی کے معاملے میں کوئی مسئلہ نہیں رہا، پاکستانیوں کے ویزوں پر عائد پابندی وزارت داخلہ سے مشاورت کے بعد اٹھا نے کا فیصلہ کیاجائے گا، یوم پاکستان کے حوالے سفیر پاکستان کے عشائیے کے بعد صحافیوں سے گفتگو

اتوار 27 مارچ 2016 11:15

کویت (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔ 27مارچ۔2016ء) کویت اور پاکستان کے درمیان تعلقات مضبوط ہیں اورہمیشہ رہیں گے یہاں پاکستانیوں کی موجودگی کے معاملے میں کوئی مسئلہ نہیں رہا۔ان خیالات کا اظہار کویت کی سماجی امور منصوبہ بندی اورمحنت کی وزیر الہند الصبیحہ نے یوم پاکستان کے حوالے سفیر پاکستان غلام دستگیر کی جانب سے دئیے گئے غیر ملکی سفراء کویتی اورپاکستانی کمیونٹی کے اعزاز میں عشائیہ میں کیک کاٹنے کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔

انہوں نے ایک سوال جوا ب میں کہاکہ پاکستانیوں کے ویزوں پر عائد پابندی وزارت داخلہ سے مشاورت کرنے کے بعد اٹھا نے کا فیصلہ کیاجائے گا ۔انہوں نے کہاکہ پاکستان کے ساتھ تجارتی معاہدے بھی ہورہے ہیں اور تمام شعبہ جات میں مثبت اقدام کئے جارہے ہیں دونوں ممالک کے وفود آجارہے ہیں اورحالات مثبت سمت کی طرف جارہے ہیں ۔

(جاری ہے)

اس موقعہ پر سفیر پاکستان غلام دستگیر نے صحافیوں کے سوالوں کے جواب میں کہاکہ پاکستان کے تعلقات تمام اسلامی اور خلیجی ممالک کے ساتھ اچھے ہیں سعودی عرب میں ہون والی فوجی مشقوں میں پاکستان کی شمولیت معمول کا حصہ ہے پاکستان نے ہمیشہ اخوت اور بھائی چارے کی فضا کو قائم رکھاہے جہاں شام کے مسئلہ کا تعلق ہے تو پاکستان نے واضح اعلان کررکھا ہے وہ افہام وتفہیم کے ساتھ تمام مسلم ممالک کے ساتھ پُرامن تعلقات استوار پر اتفاق کرتا ہے پاکستان کی حکومت کی خواہش ہے کہ وہ تمام مسلم ممالک کو ایک پلیٹ فارم پر اکٹھا کرکے ایک قوت بن جائیں کیونکہ پاکستان خود بہت سے چیلنجوں کا سامنا کرتے ہوئے اس بحران سے نکل رہاہے انشاء اللہ تعالی پاکستان کا مستقبل روشن ہے اوروہ ترقی کی راہ پر گامزن ہے ۔