150 میگا سکینڈل کی تحقیقات مکمل،نیب کل رپورٹ سپریم کورٹ میں جمع کرائے گا،میگا سکینڈلز میں 22 بڑے سکینڈل فنانشل کرپشن،27 لینڈ سکینڈل ،ہاؤسنگ سوسائٹیوں کے سکینڈل‘ اختیارات کا ناجائز استعمال اور کرپشن پر 71 اعلیٰ افسران کے خلاف ہیں،تحقیقات مکمل لیں،حتمی رپورٹ عدالت میں دائر کی جائے گی، سکینڈلز میں مجرموں نے قوم کے اربوں روپے لوٹے ہیں، الزامات ثابت کرنے کے ٹھوس شواہد مل گئے،ذرائع

بدھ 30 مارچ 2016 09:57

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔30مارچ۔2016ء) نیب کل (جمعرات) کے روز وزیراعظم نواز شریف سمیت ملک کے 150 نامور سیاستدانوں‘ صنعتکاروں‘ تاجروں اور افسران کے خلاف اربوں روپے قوم کے لوٹنے والے افراد کے مقدمات کی حتمی رپورٹ سپریم کورٹ میں جمع کرائے گا۔ چیف جسٹس آف پاکستان نے نیب کو حکم دیا تھا کہ وہ 150 بڑے میگا کرپشن سکینڈل کی تحقیقات 31 مارچ 2016 ء کو حتمی رپورٹ جمع کرائی جائے۔

چیئرمین نیب چوہدری قمر الزمان نے نیب کے تمام تحقیقاتی افسران کو حکم دیا تھا کہ وہ 150 میگا سکینڈلز کی تحقیقات بروقت مکمل کرکے رپورٹ دی جائے نیب ذرائع نے بتایا ہے کہ نیب تحقیقاتی افسران نے 150 میگا سکینڈلز کی تحقیقات مکمل کرلی ہیں جن میں وزیراعظم نواز شریف ‘ وزیراعلٰی پنجاب شہبا زشریف ‘ چوہدری برادران‘ سابق وزیراعلیٰ کی پی کے حیدر ہوتی ‘ سابق وزیراعلیٰ بلوچستان اسلم رئیسانی ‘ سابق وزیر مواصلات ارباب جہانگیر اور ان کی بیگم عاصمہ ارباب‘ ایم پی اے آصف نکئی ‘ ایم این اے سید افتخار شاہ‘ سابق وزیر مرید کاظم وغیرہ شامل ہیں۔

(جاری ہے)

150 میگا سکینڈلز میں 22 بڑے سکینڈل فنانشل کرپشن کے ہیں لینڈ سکینڈل 27 ‘ ہاؤسنگ سوسائٹیوں کے کرپشن سکینڈل‘ اختیارات کا ناجائز استعمال کرکے اربوں روپے کی کرپشن کرنے والے 71 اعلیٰ افسران کے خلاف مقدمات قائم ہیں۔ 150 میگا سکینڈلز میں سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی‘ سابق وزیراعظم راجہ پرویز اشرف ‘ این آئی سی ایل کے سابق چیئرمین ایاز خان نیازی‘ این آئی سی ایل کے سابق چیئرمین جاوید اکرم‘ امریکہ میں سابق سفیر حسین حقانی‘ متروکہ وقف املاک کے چیئرمین آصف ہاشمی ‘ سابق صدر آصف علی زرداری کے نام بھی شامل ہیں۔

سپریم کورٹ نے 7 جولائی 2015 ء کو نیب کو حکم دیا تھا کہ وہ 31 دسمبر 2015 ء تک ان سکینڈلز کی تحقیقات مکمل کرے۔ 31 دسمبر کو نیب نے تین ماہ کا مزید وقت مانگا تھا جو کہ کل 31 مارچ کو ختم ہوگا۔ اور سپریم کورٹ میں نیب 31 مارچ بروز جمعرات کو 150 میگا سکینڈلز بارے تحقیقات جمع کرائے گا۔ نیب ذرائع نے بتایا کہ یہ تحقیقات مکمل کرلی گئی ہیں اور حتمی رپورٹ عدالت میں دائر کی جائے گی ان سکینڈلز میں ان قومی مجرموں نے قوم کے اربوں روپے لوٹے ہوئے ہیں ان کے خلاف الزامات ثابت کرنے کے ٹھوس شواہد مل گئے ہیں اور اب تحقیقات کے نتیجے میں عدالت میں ریفرنس بھی دائر کرائے جائیں گے اور قوم کی لوٹی ہوئی دولت واپس قومی خزانہ میں جمع کرائیں گے ۔

نیب ترجمان نے اس معاملے پر موقف دینے سے واضح انکار کردیا۔ 150 میگا سکینڈلز کے اہم ملزم سابق چیئرمین واپڈا جنرل زائد علی اکبر پہلے ہی 25 ملین روپے نیب کو واپس کر چکے ہیں۔

متعلقہ عنوان :