پاک فوج قوم کی توقعات پر انشاء اللہ پورا ترے گی ،جنرل راحیل شریف، پاک فوج پر پاکستانی قوم کا غیر متزلزل یقین ہمارا قیمتی اثاثہ ہے ،قربانی کے جذبے نے پاک فوج کو پیشہ وارانہ صلاحیتوں کا حامل بنا دیا ہے،آرمی چیف کا جہلم میں تقریب سے خطاب

منگل 5 اپریل 2016 10:10

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔5اپریل۔2016ء) آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے کہا ہے کہ پاک فوج قوم کی توقعات پر انشاء اللہ پورا ترے گی ۔ پاک فوج پر پاکستانی قوم کا غیر متزلزل یقین ہمارا قیمتی اثاثہ ہے قربانی کے جذبے نے پاک فوج کو پیشہ وارانہ صلاحیتوں کا حامل بنا دیا ہے ، ترجمان آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے جہلم کے قریب پبی کا دورہ کیا کرتے ہوئے پاک آرمی ٹیم اپرٹ مقابلوں کی اختتامی تقریب میں شرکت کی مقابلوں میں پاک فوج کی تمام کور اور سری لنکا آرمی ٹیم نے بھی شرکت کی مقابلوں میں چین ، سعودی عرب ، تاجکستان اور مالدیپ نے بطور مبصر شرکت کی ۔

(جاری ہے)

اس موقع پر آرمی چیف نے جوانوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مختلف علاقوں میں ہمہ جہت چیلنجز سے نمٹنے کے لئے اس طرح کے مقابلے اہم ہیں آرمی چیف نے کہا کہ حب الوطنی اور جذبہ قربانی کے باعث پاک فوج انتہائی باصلاحیت ہے اسی صلاحیت کے باعث پاک فوج کسی بھی صورت حال کا سامنا کرنے کی اہل ہے ۔آرمی چیف نے غیر ملکی مہمانوں اور سری لنکن دوستوں کا شکریہ ادا کیا آرمی چیف نے مقابلوں میں نمایاں کارکردگی دکھانے والے کھلاڑیوں میں انعامات اور اعزازات بھی تقسیم کئے مقابلوں میں منگلا کور نے گولڈ میڈل ، جنوبی کمانڈ اور سری لنکن ٹیم نے چاندی کا تمغہ حاصل کیا۔