64سیاستدانوں ،معروف شخصیات کے بیرون ملک اثاثے واپس لانے کیلئے دائر درخواست پرفریقین کے وکلاء بحث کیلئے طلب

منگل 5 اپریل 2016 10:14

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔5اپریل۔2016ء ) لاہور ہائیکورٹ نے 64سیاستدانوں اورمعروف شخصیات کے بیرون ملک اثاثے واپس لانے کے لئے دائر درخواست پرفریقین کے وکلاء کو 18اپریل کوبحث کیلئے طلب کر لیا۔ پیر کولاہور ہائیکورٹ کے جسٹس خالد محمود خان نے کیس کی سماعت کی۔درخواست گزار بیرسٹر جاوید اقبال جعفری کی جانب سے موقف اختیار کیا کہ نواز شریف،شہباز شریف،پرویز الٰہی،چوہدری شجاعت حسین،عمران خان، سردار ایاز صادق،اسحاق ڈار،جاوید ہاشمی،فاروق ستار،نجم سیٹھی،میاں منشاء،عاصمہ جہانگیر،خواجہ شریف ،حمزہ شہباز شریف ،شاہد خاقان عباسی،رانا تنویر اور شیخ رشید سمیت 64سیاستدانوں اور معروف شخصیات نے 400 ارب ڈالر غیر قانونی طور پر بیرون ملک منتقل کئے اور قومی خزانے کو ناقابل تلافی نقصان پہنچایا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ نواز شریف کے صاحبزادوں نے برطانیہ میں 149جائیدادیں خریدیں جبکہ درخواست میں فریق بنائے گئے تمام سیاستدانوں نے بیرون ملک اثاثے بنا کر ملک کو کنگال کیا۔انہوں نے عدالت سے استدعا کی کہ ان سیاستدانوں کی طرف سے بیرون ملک بینکوں میں رکھے گئے پیسے وطن واپس لا کر ملک کی حالت تبدیل کی جا سکتی ہے اور حقیقی انقلاب برپا کیا جا سکتا ہے۔جس پر عدالت نے کیس کی مزید سماعت 18اپریل تک ملتوی کرتے ہوئے فریقین کے وکلاء کو بحث کے لئے طلب کر لیا۔