پیپلز پارٹی کی سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کا بلاول بھٹو زرداری کی قیادت پر مکمل اعتماد کا اظہار ، پارٹی کی تنظیم نو کرنے کی درخواست،ذوالفقار علی بھٹو کامشن جاری رکھونگا،مشاورت کے ساتھ پارٹی تنظیموں میں تبدیلیاں لاونگا،بلاول بھٹوزرداری ، بلاول بھٹو مستقبل کی حکمت عملی کیلئے پاکستان کے عوام سے رائے لیں گے، پاناما لیکس ایک سنجیدہ معاملہ ہے ،ٹیکس چھپانا اور چوری کرنا دونوں ہی جرم ہیں ، پیپلز پارٹی کے رہنما قمر زمان کائرہ کی میڈیا سے گفتگو

منگل 5 اپریل 2016 10:19

نوڈیرو( اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔5اپریل۔2016ء ) پاکستان پیپلز پارٹی کی سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی نے پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی قیادت پر مکمل اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے ملک بھر میں پارٹی کی مکمل تنظیم نو کرنے کی درخواست کردی ۔ تفصیلات کے مطابق پیر کو پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی صدارت میں پیپلز پارٹی کی سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں ایگزیکٹو کمیٹی کے ممبران نے شرکت کی ۔

ذرائع کے مطابق اجلاس میں ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال سمیت دیگر اہم امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا ۔ اجلاس کے دوران سی ای اے نے پیپلز پارٹی کی مکمل تنظیم نو کرنے کی درخواست کی جس کو بلاول بھٹو زرداری نے منظور کرتے ہوئے کہا کہ وہ جلد پارٹی کی تنظیم نو کرینگے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ تمام صوبوں میں پارٹی کی تنظیم نو کی جائے گی ۔ اجلاس کے بعد پیپلز پارٹی کے رہنما قمر زمان کائرہ نے میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ سی ای سی میں شہید ذوالفقار بھٹو کے مشن پر چلنے کا اعادہ کیا گیا ۔

بلاول بھٹو پارٹی کی مستقبل کی حکمت عملی کے لئے پاکستان کے عوام سے رائے مانگیں گے ۔ اگر پاناما لیکس میں انکشافات پیپلز پارٹی کے خلاف ہوتا کہرام مچ جاتا ۔ انہوں نے کہا کہ بلاول بھٹو نے پارٹی کی صوبائی سطح پر تنظیم نو کرنے کا اعلان کیا ۔ اجلاس میں بلاول بھٹو پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا گیا ۔ پاناما لیکس ایک سنجیدہ معاملہ ہے ۔ ٹیکس چھپانا اور چوری کرنا دونوں ہی جرم ہیں ۔ قمر زمان کائرہ نے کہا کہ کرپشن فری پاکستان پیپلز پارٹی کا بھی خواب ہے ۔