لندن فلیٹس، حسین نواز کا ایک اور جھوٹ کھل کر سامنے آگیا،فلیٹس 2006ء میں نہیں 90ء کی دہائی کے آغاز میں التوفیق کمپنی سے لیز پر حاصل کئے گئے،لیز کی پوری ادائیگی نہ کرنے پر شریف خاندان کو 17 ملین ڈالر جرمانہ کیا گیا،دستاویزی ریکارڈ

جمعہ 8 اپریل 2016 10:46

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔ 8اپریل۔2016ء) شریف خاندان کے لندن میں فلیٹس کے بارے میں وزیراعظم نواز شریف کے صاحبزادے حسین نواز کا ایک اور جھوٹ کھل کر سامنے آگیا ہے ۔ حسین نواز نے گزشتہ روز میڈیا میں کہا تھا کہ شریف فیملی نے لندن میں فلیٹس 2006ء میں لئے لیکن دراصل یہ فلیٹس 90ء کی دہائی کے آغاز میں التوفیق کمپنی سے لیز پر حاصل کئے گئے۔

خبر رساں ادارے کو ملنے والے دستاویزی ریکارڈ کے مطابق شریف خاندان نے پارک لین لندن میں چار فلیٹس لئے جن میں فلیٹ نمبر 16، ایون فیلڈ ہاؤس ،117-118 پارک لین لندن کا رجسٹریشن نمبر NGL338285۔ فلیٹ نمبر 16A ایون فیلڈ اؤس 117-118 پارک لین لندن کا رجسٹریشن نمبر NGL351184 فلیٹ نمبر 17 ایون فیلڈ ہاؤس 117-118 پارک لین لندن کا رجسٹریشن نمبر NGL342976 اور فلیٹ نمبر 17A ایون فیلڈ ہاؤس 117-118پارک لین لندن ، رجسٹریشن نمبر NGL342977 ہے ۔

(جاری ہے)

شریف خاندان نے یہ چار فلیٹس لیز پر حاصل کئے تھے تاہم بعد ازاں لیز کی پوری ادائیگی نہ کرنے پر التوفیق کمپنی نے حدیبیہ پیپر ملز لمیٹڈ ۔ میاں شہباز شریف ، میاں محمد شریف اور میاں محمد عباس شریف کے خلاف لندن ، ہائی کورٹ کوینز بینچ ڈویژن میں مقدمہ دائر کیا جس کا فیصلہ التوفیق کمپنی کے حق میں ہوا اور عدالت نے شریف خاندان پر 17 ملین ڈالر سے زیادہ کا جرمانہ کیا اور انہیں رقم مدعی کو ادا کرنے کا حکم دیا عدالت نے رقم کے ساتھ ساڑھے نو فیصد سود بھی ادا کرنے کا حکم دیا شریف خاندان کیخلاف لندن ہائی کورٹ کوینز بینچ نے یہ فیصلہ سولہ مارچ 1999ء کو سنایا

متعلقہ عنوان :