لندن میں نواز،زرداری رابطہ،نیب،ایف آئی اے،رینجرزکے اختیارات کم کرنے پر اتفاق،وزیراعظم اورسابق صدرمیں رابطہ مشترکہ دوستوں کے ذریعے ہوا، زردای کی ہدایت پر بلاول کی زیرصدارت اجلاس،دھرنے میں شرکت نہ کرنے کافیصلہ،نواز،زرداری میں اتفاق رائے کے بعد پارلیمنٹ میں بل لاکر نیب،ایف آئی اے اور رینجرز کے کرپشن سے متعلق اختیارات محدودکردیئے جائیں گے،ذرائع

ہفتہ 16 اپریل 2016 09:51

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔ 16اپریل۔2016ء)پانامہ لیکس نے دنیابھرکی طرح پاکستان کی سیاست میں ہلچل مچادی ہے مگرحکومت اوراپوزیشن اب اس ایشوپر ایک نکتے پر اکھٹے ہوگئے ہیں کہ نیب،ایف آئی اے اور رینجرزکے اختیارات کم کردیئے جائیں۔ ذرائع نے بتایاہے کہ وزیراعظم نوازشریف اورسابق صدرآصف علی زرداری میں لندن میں رابطہ مشترکہ دوستوں کے ذریعے ہواہے جس میں یہ بات زیرغورہے کہ کسی طرح نیب،ایف آئی اے اوررینجرزکے اختیارات کم کیے جائیں۔

ذرائع نے بتایاکہ سابق صدرآصف زرداری نے اس ضمن میں بلاول بھٹوزرداری کی صدارت میں اجلاس کروایاجس میں واضح طورپرفیصلہ کیا گیا کہ پیپلزپارٹی عمران خان کے کسی بھی دھرنے میں شرکت نہیں کرے گی اورپی پی وزیر اعظم کوقبل ازوقت گھربھیجنے کی تجویزکی حمایت نہیں کرے گی۔

(جاری ہے)

ذرائع نے بتایاکہ وزیراعظم نوازشریف کووطن سے روانگی سے پیپلز پارٹی کا پیغام ملنے کے بعد وزیراعظم نوازشریف کی ہدایت پر مسلم لیگ ن کے مرکزی رہنماؤں اوروفاقی وزراء نے پی پی پرتنقیدکم کردی ہے ذرائع نے بتایاکہ نوازشریف اورآصف زرداری میں اتفاق کے بعد پارلیمنٹ میں بل لا کر نیب،ایف آئی اے اوررینجرزکے کرپشن سے متعلق اختیارات محدودکردیے جائیں گے اور18ویں ترمیم کی روشنی میں صوبوں کواحتساب کمیشن بنانے یاپھرصوبائی سطح پرمحکمہ اینٹی کرپشن کوزیادہ مئوثراورفعال بنانے کا بل پیش کیاجاسکتاہے جس کی منظوری کے بعدکوئی بھی ادارہ کرپشن کے خاتمہ کیلئے لامحدود اختیارات استعمال نہیں کرسکے گا۔