اوورسیزپاکستانیوں کوالیکشن لڑنے کاحق ملنا چاہیے،(ن )لیگ نے آج میرے بچوں کی نانی کے گھرکے باہراحتجاج کیا،بچوں کی نانی نے مجھ سے پو چھاکہ کیاتم نے کچھ غلط کیا ہے،میں نے بتایا کہ میں نے نہیں نواز شریف نے غلط کیا ہے،جن قوموں کا نظریہ نہیں ہوتا وہ مر جاتی ہیں ،اوورسیز پاکستانیوں کے پیسوں سے ملک چل رہا ہے،عدل وانصاف کی وجہ سے مسلمان 700سال حکومت کرتے رہے،برطانیہ میں کبھی اتنا بڑا جلسہ نہیں دیکھا،پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کا جلسے سے خطاب

پیر 18 اپریل 2016 09:45

برمنگھم(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔18اپریل۔2016ء) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ اوورسیزپاکستانیوں کوالیکشن لڑنے کاحق ملنا چاہیے،ن لیگ نے آج میرے بچوں کی نانی کے گھرکے باہراحتجاج کیا،بچوں کی نانی نے مجھ سے پو چھاکہ کیاتم نے کچھ غلط کیا ہے،میں نے بتایا کہ میں نے نہیں نواز شریف نے غلط کیا ہے،جن قوموں کا نظریہ نہیں ہوتا وہ مر جاتی ہیں ،اوورسیز پاکستانیوں کے پیسوں سے ملک چل رہا ہے،عدل وانصاف کی وجہ سے مسلمان 700سال حکومت کرتے رہے،برطانیہ میں کبھی اتنا بڑا جلسہ نہیں دیکھا۔

وہ اتوار کو یہاں جلسے سے خطاب کر رہے تھے ۔انہوں نے کہا کہ دوہری شہریت والوں کو الیکشن لڑنے کا موقع ملنا چاہیے۔منی لانڈرنگ کے ذریعے پیسہ باہر بھیجنے والوں سے پاکستان برباد ہوتا ہے۔

(جاری ہے)

عمران خان نے کہا کہ اوورسیز پاکستانیوں کے پیسوں سے ملک چل رہا ہے اور ان کو ووٹ کا پورا حق ملنا چاہیے اور میں اوورسیز پاکستانیوں کے ووٹ کے لئے پوری جدوجہد کروں گا۔

بیرون ملک رہنے والے پاکستانی ملک کے لئے زیادہ قیمتی ہیں۔تارکین وطن اپنی محنت کا سرمایہ پاکستان بھیجتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ بچوں کی نانی کے گھر ٹھہرا ہوا تھا۔مظاہرہ ہوا تو بچوں کی نانی نے پوچھا مظاہرہ کیوں ہورہا ہے۔اپنے بچوں کی نانی کو بتایا کہ میں نے نہیں نواز شریف نے غلط کیا ہے اور یہ مظاہرہ نواز شریف کی کرپشن چھپانے کے لئے کیا گیا ۔

عمران خان نے کہا کہ میرے خلاف گو عمران گوکے نعرے لگائے گئے تو میں نے سوچا کہ میں نہ تو وزیراعظم ہوں اور نہ ہی میرے پاس کوئی حکومتی عہدہ ہے اس لئے میں کہاں جاؤں ۔انہوں نے کہا کہ پانامہ میں ڈالروں سے کمپنیاں بنانے والوں سے پاکستان برباد ہورہا ہے ۔جن قوموں کا نظریہ نہیں ہوتا وہ مر جاتی ہیں ۔انہوں نے کہا کہ ادارے تباہ ہونے کے باعث پاکستانی کو کام کرنے کے لئے باہر جانا پڑتا ہے ۔

ہم پاکستان میں عدل وانصاف کا قانون لائیں گے ۔عمران خان نے کہا کہ آزاد کشمیر کے انتخابات بہت اہم ہیں ۔کشمیریوں کے پاس تقدیر بدلنے کا موقع ہے ۔انہوں نے کہا کہ کشمیر میں مضبوط نائب بنائیں گے اور دوسرے اداروں کو بھی مضبوط کریں گے ۔آزاد کشمیر میں خیبرپختونخوا کی طرز کا بلدیاتی نظام لائیں گے اور اختیارات نچلی سطح پر منتقل کریں گے جس سے سسٹم بدلے گا۔

عمران خان نے آزاد کشمیر میں بھی تبدیلی لانے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ میر پورآزاد کشمیر میں بھی ایئرپورٹ بننا چاہیے۔کپتان نے کہا کہ پنجاب پولیس کو انتقامی کاروائی کے لئے رکھا ہوا ہے ۔راجن پور میں تماشہ دیکھیں پولیس کے ساتھ کیا ہورہا ہے ۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم اور ان کا خاندان خود ملوث ہو تو کرپشن کیسے ختم ہو گی ۔پانامہ لیکس پر ان کا بیٹا کچھ اور دوسرا کچھ کہہ رہا ہے ۔

نوازشریف کو ڈیوڈ کیمرون کی طرح پارلیمنٹ میں آکر صفائی پیش کرنی چاہیے تھی ۔چیئرمین تحریک انصاف نے کہا کہ جمہوری ملکوں میں سیاست میں آکر کاروبار کرنے پر پابندی ہوتی ہے ۔وزیراعظم نے پانامہ لیکس پر دکھ بھری کہانی سنا دی اور ان کی تقریر سن کر لگا انڈین فلم کا گانا شروع ہو گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ نوکری دینے کی بجائے ن لیگی رہنماؤں نے سب سے بڑے خیراتی ادارے کو نشانہ بنایا اور مجھے بلیک میل کرنے کی کوشش کی جارہی ہے ۔

یہ نہیں ہو سکتا وزیراعظم کرپشن کرے اور اسے کوئی پکڑ نہ سکے ۔وزیراعظم کے سارے بچے پیسے بنا رہے ہیں ۔یہ پاکستان کے لئے فیصلہ کن موڑ ہے ۔ عمران خان نے کہا کہ پانامہ پیپرز کے معاملے پر دنیا میں احتساب کا عمل شروع ہو چکا ہے ۔شرم اور حیا ہوتی تو یہ لوگ خیراتی ادارے کو نشانہ بنانے کی بجائے اپنی صفائی پیش کرتے ۔برطانیہ کی سالانہ آمدن پچاس مسلم ممالک کے برابر ہے ۔

برطانیہ میں ٹرین حادثے پر وزیرمستفی ہو جاتا ہے ۔انہوں نے کہا کہ حکمرانوں کا احتساب اور نیب کو آزاد ادارہ بنانا ہو گا ۔چیئرمین تحریک انصاف نے کہا کہ اپوزیشن کو کہا جاتا ہے کہ ہمارے پاس تمہاری فائلیں پڑی ہیں ۔وزیرداخلہ کے پاس کرپشن کی فائلیں ہیں تو ان پر کاروائی کر کے ذمہ داران کو جیلوں میں ڈالیں۔یہ لوگ کسی کو جیل میں نہیں ڈالیں گے بلکہ صرف بلیک میل کرتے رہیں گے ۔انہوں نے کہا کہ پاکستان میں کوئلے کے بے شمار ذخائر ہیں اور خیبرپختونخوا میں کنوؤں سے تیل نکل رہا ہے مگر حکومت اتنی نااہل ہے کہ وہ ان سے فائدہ نہیں اٹھا پا رہی ۔انہوں نے کہا کہ عدل وانصاف کی وجہ سے مسلمان 700سال حکومت کرتے رہے۔کسی بھی قوم کی ترقی کے لئے عدل وانصاف کا ہونا بہت ضروری ہے ۔