پاک بھارت مذاکرات ملتوی ہوئے ہیں منسوخ نہیں،سرتاج عزیز،بھارت میں ریاستی عناصرپاکستان کوغیرمستحکم کرناچاہتے ہیں،راکے ایجنٹوں کو گرفتار کر چکے ہیں ،معاملہ اقوام متحدہ میں اٹھائیں گے،مشیر خارجہ کی لندن میں برطانوی تھنک ٹینک سے بات چیت

منگل 19 اپریل 2016 10:01

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔19اپریل۔2016ء)مشیرخارجہ سرتاج عزیزنے کہاہے کہ پاک بھارت مذاکرات ملتوی ہوئے ہیں منسوخ نہیں ،بھارت میں ریاستی عناصرپاکستان کوغیرمستحکم کرناچاہتے ہیں ،راکے ایجنٹوں کوگرفتارکرچکے ہیں ،گرفتارایجنٹوں کامعاملہ اقوام متحدہ میں اٹھائیں گے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق ان خیالات کااظہارانہوں نے لندن میں برطانوی تھنک ٹینک سے بات کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہاکہ نئی دہلی میں پاکستانی ہائی کمشنرعبدالباسط کے بیان کوغلط اندازمین پیش کیاگیا،بھارت کی درخواست پرغورہوسکتاہے ،انہوں نے کہاکہ پاکستان بھارت سے اچھے تعلقات کاخواہاں ہے ،ہمسائیہ ممالک کے معاملات میں عدم مداخلت پرعمل پیراہیں ،پاکستان تمام ہمسائیہ ممالک کے ساتھ پرامن تعلقات چاہتاہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ پاکستان میں مداخلت کرکے بھارت پاکستان کوغیر مستحکم کرنے پرعمل پیراہے ،راکے کئی ایجنٹوں کوگرفتارکرچکے ہیں ،را کے ایجنٹ کلبوشن دیوکامعاملہ اقوام متحدہ کے فلورپراٹھائیں گے ۔

انہوں نے کہاکہ پاکستان بھارت کے ساتھ تمام معاملات پرپرامن مذاکرات کاخواہاں ہے اورامیدرکھتے ہیں کہ دونوں ممالک کے درمیان مذاکرات بہت جلدشروع ہوجائیں گے تاہم ایران ،افغانستان ،بھارت اورچین سے تعلقات میں بہتری آرہی ہے، ایران نے بھی پاکستان کویقین دہانی کرائی ہے کہ وہ اپنی سرزمین پاکستان کے خلاف استعمال کرنے کی اجازت نہیں دے گا ۔

انہوں نے کہاکہ معاشی بحالی پاکستان کی خارجہ پالیسی کی ترجیح ہے۔ انہوں نے کہاکہ آپریشن ضرب کے ذریعے پاک فوج نے شمالی وزیرستان کا95فیصد حصہ کلیئر کرا لیا ہے اورپاک فوج نے دہشتگردوں کا تمام انفراسٹرکچرتباہ کردیا ہے۔انہوں نے کہاکہ پاک چائناراہداری منصوبہ گیم چینجرکی حیثیت رکھتاہے ،پاک چائناراہداری منصوبہ کسی ملک کے خلاف نہیں یہ پورے خطے کے مفادمیں ہے