پانامہ لیکس:پیپلز پارٹی اور تحریک انصاف نے حکومت کو پارلیمانی کمیٹی بنانے کی تجویز دیدی

منگل 19 اپریل 2016 10:02

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔19اپریل۔2016ء) پیپلزپارٹی اور پاکستان تحریک انصاف نے پانامہ لیکس کی تحقیقات کے لئے پارلیمانی کمیٹی بنانے کی تجویز پیش کر دی اور ساتھ ہی جسٹس (ر) سرمد جلال عثمانی کے نام کو مسترد کر دیا ہے جبکہ پیپلزپارٹی نے پانامہ لیکس کی تحقیقات کے لئے پارلیمانی کمیٹی پر مختلف سیاسی جماعتوں سے مشاورت کے لئے چار رکنی کمیٹی تشکیل دے چکی ہے ۔

نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے پیپلزپارٹی کے رہنما قمر زمان کائرہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ ہم پہلے ہی جسٹس (ر) سرمد جلال عثمانی کے نام پر تحفظات کا اظہار کر چکے ہیں کیونکہ ان کی اہلیہ مسلم لیگ(ن) کی رکن رہ چکی ہیں اگر مسلم لیگ(ن) ہمارے تحفظات کا خیال کئے بغیر جسٹس(ر) سرمد جلال عثمانی کو تحقیقاتی کمیشن کا حصہ بناتی ہے تو ضرور مسلم لیگ نون کی نیت خراب ہے ۔

(جاری ہے)

قمرزمان کائرہ نے کہا ہے کہ پانامہ لیکس کی تحقیقات کے لئے پارلیمانی کمیٹی ہونی چاہئے جس کے لئے پیپلزپارٹی چار رکنی کمیٹی تشکیل دے رہی ہے جس میں خورشید شاہ ، اعتزاز احسن ، اعجاز جاکھرانی اور سینیٹر سعید غنی کے نام ہیں جو کہ پانامہ لیکس کی تحقیقات کے لئے پارلیمانی کمیٹی سے کرانے کے لئے دیگر سیاسی جماعتوں سے مشاورت کر رہی ہے ، دوسری جانب شاہ محمود قریشی نے کہا کہ تمام جماعتیں متفق کہ پانامہ لیکس کی تحقیقات ہونی چاہئے اور پیپلزپارٹی کی طرف سے پارلیمانی کمیٹی کی تجویز مثبت ہے، انہوں نے مزید کہا کہ حکومت کی نیت درست نہیں حالات خراب کرنا چاہتی ہے ۔