پنجاب حکومت چینی زبان سیکھنے کے لیے 500طلبہ کو چین بھجوائے گی، شہباز شریف،پہلے گروپ میں 66طلباء کو چین بھجوایا جائے گا جن میں 18طالبات بھی شامل ہیں،وزیر اعلیٰ کا تقریب سے خطاب

جمعرات 21 اپریل 2016 10:06

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔21اپریل۔2016ء)وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے کہا ہے کہ طلباء پاکستان کا چہرہ ہیں ہمیشہ پاکستان کی عزت کا خیال رکھیں،پنجاب حکومت چینی زبان سیکھنے کے لیے 500طلبہ کو چین بھجوائے گی، پہلے گروپ میں 66طلباء کو چین بھجوایا جائے گا جن میں 18طالبات بھی شامل ہیں،چینی زبان سیکھنے کے لیے جانے والے طلباء کو ملازمت کے مواقع ملیں گے،چین پاکستان میں 46ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کر رہاہے ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے چین جانے والے 66طلبہ کے اعزاز میں ہونے والی تقریب میں خطاب کے دوران کیا۔وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف کا کہنا تھا کہ طلبہ دنیا بھر میں پاکستان کا نام روش کریں گے اورثابت کریں گے کہ پاکستان اور چین بھائی بھائی ہیں،پنجاب حکومت پنجاب بھر کی تمام ڈویژن سے طلباء کو چین بھجوائے گی،انہوں نے مزید کہا کہ چینی زبان سیکھنے سے طلباء کو ملازمت کے مواقع ملیں گے،66طلباء پر مشتمل یہ پہلا گروپ ہے جو چینی زبان سیکھنے کے لیے چین جا رہا ہے ابھی مزید 434طلباء کو بھیجا جائے گا۔

(جاری ہے)

دریں اثنا ء وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف سے ریاضی کے بین الاقوامی مقابلے میں گولڈ میڈل لینے والے طالبعلم کی ملاقات ہوئی ،جس میں انہوں نے طالبعلم ابوحفظ ،اس کے والدین اور اساتذہ کو مبارکباد دی اور طالبعلم کو 5لاکھ روپے اور لیپ ٹاپ بطور انعام دیا ۔اس موقع پر وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف کا کہنا تھا کہ ابوحفظ ملک یابیرون ملک تعلیم حاصل کرنا چاہے توتمام اخراجات حکومت پنجاب اٹھائے گی،ابوحفظ نے دنیا میں پاکستان کا نام روشن کیا ہے ایسے ہونہار طالبعلم ملک کا سرمایہ ہیں ۔