کراچی،ہیٹ سٹروک کے باعث خاتون سمیت3 افراد جاں بحق ،درجہ حرارت 38 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ گیا ،مزید 2 روز شدید گرمی کی لہر برقراررہنے کا امکان ہے،محکمہ موسمیات

ہفتہ 23 اپریل 2016 09:45

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔23اپریل۔2016ء) کراچی میں ہیٹ اسٹروک کے باعث خاتون سمیت 3 افراد جاں بحق ہوگئے۔محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں درجہ حرارت 38 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ گیا اورمزید 2 روز شدید گرمی کی لہر برقراررہنے کا امکان ہے۔ ایدھی ذرائع نے تصدیق کی ہے کہ شہر میں پڑنے والی گرمی کے باعث 34 سالہ شرافت اور50 سالہ محمد ستار جاں بحق ہوگئے۔

رنچھوڑ لائن میں سڑک پار کرتے ہوئے ایک نامعلوم خاتون اچانک گر کر بے ہوش ہوگئیں۔خاتون کو فوری طور پراسپتال لے جایا جارہا تھا کہ وہ راستے میں دم توڑ گئیں ، محکمہ موسمیات نے حال ہی میں ہیٹ ویو الرٹ جاری کرتے ہوئے خبردار کیا تھا کہ کراچی میں 24 اپریل تک شدید گرمی پڑنے کا امکان ہے اور درجہ حرارت 40 ڈگری سینٹی گریڈ تک بھی جا سکتا ہے۔

(جاری ہے)

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ سمندر سے چلنے والی ہوائیں بند ہونے کی صورت میں ہیٹ انڈیکس اس سے بڑھ بھی سکتا ہے لہذا شہری غیر ضروری طور پر گھروں سے باہر نہ نکلیں اوراگرنکلیں تو اپنے سر اور چہرے کو اچھی طرح ڈھانپ لیں اس کے علاوہ پانی اور دیگر مشروبات کا زیادہ سے زیادہ استعمال کریں۔

محکمہ موسمیات کی جانب سے الرٹ جاری کیے جانے کے بعد سندھ حکومت اور کے ایم سی کے زیر انتظام اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے، تمام طبی اور نیم طبی عملے کی چھٹیاں منسوخ جب کہ ہیٹ ویو کے متاثرہ افراد کی طبی امداد کے لیے بنائے گئے خصوصی وارڈز کو فعال کردیا گیا ہے۔دوسری جانب چیف سیکریٹری نے گرمی سے جاں بحق ہونے والے شخص کی ہلاکت پر متعلقہ اداروں پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے رپورٹ طلب کر لی۔

چیف سیکریٹری نے کہا کہ ہیٹ اسٹروک کے اجلاس کے فیصلوں پر عملدرآمد کیوں نہیں ہوا، بتایا جائے کہ اہم شاہراہوں پر کتنی سبیلیں لگائی گئیں ہیں جب کہ انہوں نے ہدایات جاری کیں کہ اسپتالوں کو ہیٹ اسٹروک سے نمٹنے کے لیے الرٹ کیا جائے۔واضح رہے کہ گزشتہ سال کراچی میں ہیٹ اسٹروک کے نتیجے میں 1200 سے زائد افراد جان کی بازی ہار گئے تھے۔ڈاکٹرز کے مطابق عوام گرمی سے بچنے کیلئے آپ گھریلو ٹوٹکے بھی استعما ل کرسکتے ہیں، شدید گرمی کی صورت حال میں لوگ بلا ضرورت اپنے گھروں سے نہ نکلیں اور ٹھنڈے مشروبات اور پانی کا استعمال زیادہ سے زیادہ کریں۔

دیسی مشروبات کا استعمال بڑھادیں۔ مرغن غذاوٴں سے پرہیز کریں۔ کھانے میں سبزیوں اور پھلوں کا استعمال بڑھا دیں۔گرمیوں میں کھانا پکانے میں گرم مصالحے استعمال نہ کریں۔ہلدی،دھنیا، سفید زیرہ، ٹماٹر، لیموں، دہی، املی، آلو بخارہ کھانے میں استعمال کریں۔ لیموں پانی کا استعمال بھی گرمی کا اچھا توڑ ہے۔دہی اورکچی لسی کا استعمال روزمرہ کا معمول بنا لیں۔ ہلکے رنگ کے کپڑے پہنے۔

متعلقہ عنوان :