جاوید ہاشمی کی طرح عمران خان کو کبھی دھوکہ نہیں دوں گا، شاہ محمود قریشی ،پانامہ لیکس پر حکومت کو فرانزک آڈٹ پر اعتراض ہے،بااختیار کمیشن نہ بنا کر حقیقت کو چھپایا جارہا ہے ،رہنما تحریک انصاف

ہفتہ 23 اپریل 2016 10:03

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔23اپریل۔2016ء) تحریک انصاف کے رہنما شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ جاوید ہاشمی کی طرح کبھی بھی عمران خان کو دھوکہ نہیں دوں گا ، نواز لیگ بااختیار کمیشن نہ بنا کر حقیقت کو چھپانا چاہتی ہے ، حکمران فرانزک آڈٹ پر اعتراض کیوں کررہے ہیں پانامہ لیکس کی تحقیقات کیلئے تحریک انصاف نے لاہور ہائی کورٹ بار وکلاء سے بھی مدد مانگی ہے ۔

(جاری ہے)

جمعہ کے روز تحریک انصاف کے رہنما شاہ محمود قریشی نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ نواز لیگ بااختیار تحقیقاتی کمیشن نہ بنا کر پانامہ لیکس کی تحقیقات کو چھپانا چاہتی ہے کیونکہ حکومت کوفرانزک آڈٹ پر اعتراض ہے تکنیکی معلومات کی تحقیق کے آڈٹ کو کمیشن کا حصہ ہونا چاہیے لوٹ مار کے بازار نے ملک کو آ ئی ایم ایف کا غلام بنا دیا ہے تحریک انصاف کے رہنما نے مزید کہا کہ جاوید ہاشمی کی طرح عمران خان کو کبھی دھوکہ نہیں دونگا لوگ اپنے دماغ سے ایسی چیزیں نکال دیں انہوں نے آرمی چیف جنرل راحیل شریف کے اقدام کو سراہتے ہوئے کہا کہ آرمی چیف نے ثابت کردیا ہے کہ کوئی مقدس گائے نہیں اور فوج نے اپنے ادارے میں بلاتفریق احتساب شروع کیا ہے انہوں نے مزید کہا کہ تحریک انصاف نے لاہور ہائی کورٹ بار سے پانامہ لیکس کی شفاف تحقیقات کیلئے مدد مانگی ہے اور تحریک انصاف کا پانامہ لیکس سے متعلق نقطہ نظر وکلاء کے سامنے رکھا تو معلوم ہوا کہ لاہور بار تو پہلے ہی کرپشن کیخلاف سرگرم ہے اور وکلاء بارچاہتی ہے کہ پانامہ لیکس کی تحقیقات ہونی چاہیے اور خوشی ہے کہ وکلاء برادری نے خاموشی نہ رہنے کا عزم کیا ہے ۔