وزیراعظم نے خود کو احتساب کے لئے پیش کردیا ہے‘خواجہ آصف ، ہارے ہوئے لوگ پاناما لیکس کو سیاسی ہتھیار بنا رہے ہیں، 2013ء کے بعد حکومت کا کوئی میگا اسکینڈل سامنے نہیں آیا، 10 سال بعد ملک میں سی این جی اسٹیشن کھولے گئے ہیں، میڈیا سے گفتگو

پیر 25 اپریل 2016 09:35

سیالکوٹ (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔25اپریل۔2016ء) وفاقی وزیر دفاع خواجہ‘ آصف نے کہا ہے کہ وزیراعظم محمد نواز شریف نے خود کو احتساب کے لئے پیش کر دیاہے‘ ہارے ہوئے لوگ پاناما لیکس کو سیاسی ہتھیار بنا رہے ہیں اور 2013ء کے بعد حکومت کا کوئی میگا اسکینڈل سامنے نہیں آیا۔ 10 سال بعد ملک میں سی این جی اسٹیشن کھولے گئے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز وزیردفاع خواجہ آصف نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کی تاریخ میں پہلی بار ایسا ہوا ہے کہ کسی وزیراعظم نے خود کو احتساب کے لئے پیش کیا ہو۔

انہوں نے کہا کہ شریف فیملی اور مسلم لیگ ن کا جب بھی احتساب کیا گیا تب بھی ہم سرخرو ہو کر نکلے ہیں‘ وزیراعظم نواز شریف نے جوڈیشل کمیشن کے قیام کے لئے سپریم کورٹ کو خط لکھ دیا ہے یہ چیف جسٹس کی صوابدید ہے کہ وہ کب کمیشن کی تشکیل دیتے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ پاناما لیکس بھی نہیں کئی دیہاتیوں سے بہت قابل اعتراض باتیں ہو رہی ہیں۔ لیکن 2013ء سے حکومت کے خلاف کوئی میگا ایونٹ سامنے نہیں آیا۔

توانائی کے بحران کے متعلق بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا ہے کہ توانائی کے بحران پر قابو پانے کے لئے واضح پیش رفت ہوئی ہے اکتوبر 2014ء سے انڈسٹری زون میں بجلی کی لوڈشیڈنگ نہیں کی گئی۔ دس سالوں سے بند پڑے سی این جی اسٹیشن ن لیگ کی حکومت نے کھولے ہیں۔ تحریک انصاف کے یوم تاسیس کے متعلق بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ ناچ گانا پہلے بھی ہو چکا ہے 126 دنوں کے دوران بھی یہی ہوا تھا۔۔ انہوں نے مزید کہا کہ چند ہارے ہوئے لوگ پاناما لیکس کو استعمال کر کے وزیراعظم بننے کا خواب دیکھ رہے ہیں ان کا یہ خواب 2018ء کے الیکشن میں بھی نہیں پورا ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ کرپشن کے خلاف قانون میں ترمیم کے بارے میں غور ہو رہا ہے۔