حکومت نے پانامہ لیکس سکینڈل دبانے کیلئے حکمت عملی تیا ر کر لی

اپوزیشن سے ٹی او آرز پر مشاورت نہ کرنے کے حکومتی فیصلہ پر سنجیدہ حلقوں میں پریشانی کی لہر دوڑ گئی اپوزیشن کی ایک بڑی جماعت بھی میں نہ مانوں کی رٹ لگا اور معاملہ کو طول دیکر حکومت کی مددکر سکتی ہے،ذرائع

جمعہ 6 مئی 2016 09:38

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔6 مئی۔2016ء)پانامہ لیکس کرپشن اسکینڈل کودبانے کے لیے حکومت نے حکمت عملی تیا ر کر لی ہے ۔اپوزیشن سے ٹی او آرز پر مشاورت نہ کرنے کے حکومتی فیصلہ پر سنجیدہ حلقوں میں پریشانی کی لہر دوڑ گئی ہے۔معلومات کے مطابق پانامہ لیکس اسکینڈل پر حکومت کی جانب سے ٹی او آرز کے معاملہ پر لچک نہ دکھانے کا فیصلہ نے ثابت کر دیا ہے کہ سابق ادوار میں کرپشن کو جس انداز سے ہضم کیا گیا ہے اسی انداز میں کمیشن اور ٹی او آرز کے معاملہ الجھا کر اتنا طویل کر دیا جائے کہ میڈیا اور عوام اس کرپشن کو بھول جائیں۔

اپوزیشن کی ایک بڑی جماعت نے بھی میں نہ مانوں کی رٹ لگا کراس معاملہ کو طول دے کر حکومت کو اسکینڈل دبانے میں مدد دے سکتی ہے ۔ذرائع کا کہناہے کہ حکومت نے جان بوجھ کر ٹی او آرز پر اپوزیشن جماعتوں سے مشاورت نہ کرنے کی رٹ پر قائم ہے تاکہ اپوزیشن اپنے موقف سے ہٹ جائے ،دوسری جانب اپوزیشن جماعتوں کے ذرائع کا کہنا ہے کہ حکومت کے خلاف متحد ہونے والی 9سیاسی جماعتوں میں سے کسی بھی ایک بڑی جماعت نے حکومت کو دباؤ میں لانے کے فیصلہ سے پیچھے ہٹنے کی کوشش کی تو پھر اپوزیشن الائنس میں دراڑ پڑنے کے امکانات روشن ہو جائیں گے اور 9سیاسی جماعتوں میں سے اگر پیپلز پارٹی اور تحریک انصاف نے معاملہ کو لٹکانے اور ٹی او آرز پر لچک کا مظاہرہ نہ کیا تو پھر معاملہ ہمیشہ کے لیے دب جائے گا۔

(جاری ہے)

اپوزیشن الائنس میں اختلافات سے حکومتی ایوان مضبوط ہو جائے گا۔ذرائع کا کہنا ہے کہ حکومت کی جانب سے مشاورت کی گئی ہے کہ ٹی او آرز پر مذاکرات اور متعدد کنڈیشن پر اختلافات سے معاملہ طویل ہو کرٹھنڈا پڑجائے گا اور پھر آہستہ وقت کی دھول کے نیچے دب کر ختم ہو جائے گا۔

متعلقہ عنوان :