صرف اللہ طاقتور ہے، مضبوط کرسی کے کئی دعویدار جلد جاتے دیکھے: چودھری پرویزالٰہی

وزیراعظم کا اپوزیشن کو دہشت گرد کہنا افسوسناک ہے، وہ گھبراہٹ کا شکار ہیں، حکومت اور فوج کی کتاب الگ ہے جوڈیشل کمیشن کیلئے چیف جسٹس کے پاس اختیارات ہونے چاہئیں، میڈیا سے گفتگو میں میئر لندن صادق خان کو مبارکباد

اتوار 8 مئی 2016 10:14

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔8مئی۔2016ء) پاکستان مسلم لیگ کے سینئرمرکزی رہنما و سابق نائب وزیراعظم چودھری پرویزالٰہی نے کہا ہے کہ صرف اللہ تعالیٰ کی ذات طاقتور ہے، مضبوط کرسی کے کئی دعویدار ہم نے جلد جاتے دیکھے، وزیراعظم نوازشریف کا اپوزیشن کو دہشت گرد کہنا افسوسناک ہے وہ گھبراہٹ کا شکار ہیں۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار یہاں اپنی رہائش گاہ پر میڈیا سے غیررسمی گفتگو کے دوران کیا۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نے اپوزیشن کے خلاف جو زبان استعمال کرنا شروع کی ہے وہ انہیں زیب نہیں دیتی، پانامہ لیکس اپوزیشن کی طرف سے نہیں اللہ کی طرف سے حکمرانوں کے خلاف سامنے آئی ہے، تمام اپوزیشن جماعتوں نے متفقہ طور پر ٹی او آر تیار کیے ہیں۔ اس سوال پر کہ فوج اور حکمران ایک پیج پر ہیں یا نہیں انہوں نے کہا کہ اس کا جواب تو خود نوازشریف بھی نہیں دے سکتے، میرے خیال میں ان کی کتاب الگ الگ ہے۔

(جاری ہے)

ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کو یہ خیال کرنا چاہئے کہ اپوزیشن ارکان بھی منتخب عوامی نمائندے ہیں اور پارلیمنٹ میں ان سے بھی زیادہ سینئر ارکان موجود ہیں، ”یہ منہ اور مسور کی دال“، ”کس کو للکارا ہے“ جیسے الفاظ وزیراعظم کے شایان شان نہیں۔ انہوں نے کہا کہ احتجاج کرنا ہر سیاستدان کا بنیادی حق ہے۔ پانامہ لیکس پر جوڈیشل کمیشن کے حوالے سے سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ چیف جسٹس کے پاس ایسے اختیارات ہونے چاہئیں جن کے تحت وہ فیصلہ کر سکیں، 1956ء کے ایکٹ کے تحت ان کے پاس صرف ایک سول جج کے اختیار ہیں اس لیے ضروری ہے کہ قانون سازی کر کے انہیں بااختیار بنایا جائے۔

چودھری پرویزالٰہی نے لندن کے نومنتخب پاکستانی نژاد میئر صادق خان کو پوری پاکستانی قوم کی طرف سے مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ برطانیہ کی تاریخ میں وہ پہلے مسلمان ہیں جو اس عہدہ پر منتخب ہوئے ہیں۔