ہمارا لندن میں کاروبار اور لندن میں ہی رہتے ہیں ،مجھے دانستہ ٹارگٹ کیا جا رہا ہے، زلفی بخاری

عمران خان قومی ہیرو ہے انکی سماجی خدمات کی پوری دنیا معترف ہے شوکت خانم کو پہلے بھی فنڈز دیئے تھے اور اب بھی دل کھول کر دوں گا مجھے ہدف بنا نے والوں کے خلاف قانونی چارہ جوئی کا حق محفوظ رکھتا ہوں،عمران خان کے دوست کی خبر رساں ادارے سے خصوصی گفتگو ہمارا کاروبار ہر طرح سے لیگل ہے ، بلاجواز ٹارگٹ کیا جا رہا ہے، عدالتی چارہ جوئی کیلئے وکلاء سے مشورے کر رہے ہیں، والد واجد بخاری

منگل 10 مئی 2016 10:01

لندن/ اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔10 مئی۔2016ء) عمران خان کے دوست زلفی بخاری نے کہا ہے کہ ہمارا لندن میں ہی کاروبار ہے اور لندن میں ہی رہتے ہیں مجھے دانستہ ٹارگٹ کیا جا رہا ہے، عمران خان قومی ہیرو ہے ان کی سماجی خدمات کی پوری دنیا معترف ہے گزشتہ روز خبر رساں ادارے سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے زلفی بخاری نے کہا کہ میں پیدائشی طورپرلندن کاشہری ہوں ،میرابچپن یہاں گزرامیں نے تعلیم بھی یہیں پرحاصل کی ،عمران خان میرے دوست ضرورہیں لیکن میں شوکت خانم کیلئے فنڈزدیتاہوں اورکوئی اورلوگ بھی شوکت خانم کوفنڈزدیتے ہیں ۔

شوکت خانم کومیں فنڈزاس لئے دیتاہوں کہ پاکستان کے حکمران کوعلاج کیلئے بیرون ملک چلے جاتے ہیں غریب آدمی کیلئے بھی توکوئی ہسپتال ہو۔انہوں نے کہاکہ حکمرانوں کی چوری چھپانے کیلئے ہمارے نام کودھبہ لگانے کی کوشش کی جارہی ہے ،میرے اباوٴاجدادکاتعلق لندن سے ہے ،ہماراسارابزنس ہی لندن میں ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ میں نے شوکت خانم کو پہلے بھی فنڈز دیئے تھے اور اب بھی دل کھول کر دوں گا ۔

عمران خان اپنے کھیل اور سماجی خدمت کے علاوہ دیانتداری میں قومی ہیرو ہیں اور مجھے عمران خان سے دوستی پر فخر ہے ۔ مجھے ایک میڈیا گروپ نے دانستہ ٹارگٹ کیا ہے یہ ایک بہت ہی غیر اخلاقی حرکت ہے میرا سارا کاروبار قانونی ہے ۔ہم نے پاکستان سے لا کر لندن میں سرمایہ کاری نہیں کی بلکہ لندن میں محنت کر کے پیسہ کمایا اور یہاں پر سرمایہ کاری بھی کی ۔

جن لوگوں نے مجھے ہدف بنایا ہے ان کے خلاف قانونی چارہ جوئی کا حق محفوظ رکھتا ہوں انہوں نے کہا کہ پانامہ لیکس ان لوگوں سے متعلق ہے جو غیر قانونی طریقے سے رقم دیار غیر میں لے گئے اور عوامی عہدوں پر بیٹھ کر غریب کا پیسہ لوٹنے والوں نے دوسرے ممالک میں کمپنیاں بنائیں لیکن ہمارا تو اس سے دور کا بھی واسطہ نہیں ہے دریں اثناء پاکستان میں موجود زلفی بخاری کے والد واجد بخاری نے خبر رساں ادارے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم کئی دہائیوں سے لندن میں کاروبار کرتے چلے آرہے ہیں ہمارا کاروبار ہر طرح سے لیگل ہے ۔

پانامہ لیکس ان سیاستدانوں اور حکمرانوں کے حوالے سے ہے جنہوں نے پبلک کی دولت لوٹ کر کمپنیاں بنائی ہیں ہمیں بلاجواز ٹارگٹ کیا جا رہا ہے ۔ عدالتی چارہ جوئی کے لئے اپنے وکلاء سے مشورے کر رہے ہیں علاوہ ازیں زلفی بخاری کے سسر سابق سینیٹر جو کہ مسلم لیگ(ن) کے سرکردہ راہنما بھی ہیں سید ظفر علی شاہ سے نمائندہ خبر رساں ادارے نے رابطہ کیا تو انہوں نے کہا کہ انہیں کسی قسم کی کوئی فکر نہیں جو انہیں ٹارگٹ کر رہے ہیں اللہ انہیں ہدایت دے ۔

متعلقہ عنوان :