یوسف گیلانی کے بیٹے علی حیدر گیلانی افغانستان سے بازیاب، افغان سفیر نے تصدیق کر دی

سرتاج عزیز کا سابق وزیر اعظم سے رابطہ ،بیٹے کی بحفاظت بازیابی بارے آگاہ گیا افغان سکیورٹی فورسز نے صوبہ غزنی میں کارروائی کے دوران علی حیدر کو بازایاب کرایا ،ذرائع علی حیدر گیلانی بازیاب ہوگئے، بلاول بھٹو زرداری کا ٹوئٹ پیغام

بدھ 11 مئی 2016 10:07

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔11 مئی۔2016ء) سابق وزیر اعظم سید یوسف رضا گیلانی کے صاحبزادے علی حیدر گیلانی افغان طالبان کی طویل حراست کے بعد رہا کر دیا گیا ہے،مشیر خارجہ سرتاج عزیز نے یوسف رضا گیلانی کو بیٹے کی بازیابی کے حوالے سے آگاہ کیاہے جبکہ مشیر خارجہ کا کہنا ہے کہ علی حیدر گیلانی کی جلد واپسی کیلئے افغان حکام سے رابطہ کر لیا گیا ہے ۔

خبر رساں ادارے کو انتہائی مصدقہ ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ علی حیدر گیلانی کو اس وقت رہائی ملی جب افغان سیکورٹی فورسز نے غزنی صوبہ میں موجود مبینہ دہشت گردوں کے خلاف کارروائی کی تو اس موقع پر وزیر اعظم سید یوسف رضا گیلانی کے صاحبزادے علی حیدر گیلانی کو بازیاب کرا یا گیا ہے ، خبر رساں ادارے کے رابطہ کرنے پراسلام آباد میں موجود افغان سفیر حضرت عمر زاخیل وال نے علی حیدر کی بازیابی کے حوالے سے خبر کی تصدیق کی اور کہا کہ انہوں نے سابق وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی اور مشیر خارجہ سرتاج کو علی حیدر گیلانی کی بازیابی کے حوالے سے آگاہ کر دیا ہے ۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ علی حیدر گیلانی کو تین سال قبل 9 مئی 2013 کو جنرل الیکشن کی مہم کے دوران ملتان کے علاقے خرم ٹاؤن سے نامعلوم افراد نے اس وقت اغوا کیا جب وہ پارٹی کی کارنر میٹنگ میں شریک تھے۔ ادھر پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے اپنے ٹوئٹ پیغام میں کہا ہے کہ سابق وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی کے بیٹے حیدر علی گیلانی بازیاب ہوگئے ہیں ،انہوں نے کہا کہ افغان سفیر نے انہیں فون کر کے علی حیدر کی بازیابی سے آگاہ کیا ہے ،سابق وزیر اعظم کے بیٹے کو افغانستان میں دوران آپریشن سکیورٹی فورسز نے بازیاب کرایا ہے ۔