کوئٹہ ،ٹریفک پولیس چوکی کے قریب ٹائم ڈیوائس بم دھماکہ 2 ٹریفک پولیس اہلکار شہید ،3 اہلکاروں سمیت7 افراد زخمی

4 موٹرسائیکلیں ایک رکشہ مکمل طور پر تباہ، نزدیکی عمارتوں کے شیشے ٹوٹ گئے علاقے میں خوف وہراس اور بھگدڑ مچ گئی دھماکے میں2 کلو گرام وزنی بارودی مواد استعمال کیا گیا

بدھ 11 مئی 2016 10:09

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔11 مئی۔2016ء )صوبائی دارالحکومت کوئٹہ میں ٹریفک پولیس کی چوکی کے قریب ٹائم ڈیوائس بم دھماکے کے نتیجے میں 2 ٹریفک پولیس اہلکار شہید جبکہ3 اہلکاروں سمیت7 افراد زخمی ہوئے دھماکے سے4 موٹرسائیکلیں ایک رکشہ مکمل طور پر تباہ جبکہ نزدیکی عمارتوں کے شیشے ٹوٹ گئے علاقے میں خوف وہراس پھیل گیا اور بھگدڑ مچ گئی دھماکے میں2 کلو گرام وزنی بارودی مواد استعمال کیا گیا اور دھماکہ ٹائم ڈیوائس کے ذریعے کیا دھماکے کے اطلاع ملتے ہی صوبائی وزیر داخلہ، آئی جی پولیس، ڈی آئی جی، ایس ایس پی آپریشن، فرنٹیئر کور کے اہلکار بم ڈسپوزل اسکواڈ کا عملہ اور ایدھی ایمبولیس کی گاڑیاں موقع پر پہنچ گئیں لاشوں اور زخمیوں کو فوری طور پر سول سنڈیمن ہسپتال پہنچا دیا گیا تفصیلات کے مطابق منگل کی دو پہر کوئٹہ کے نواحی علاقے سریاب میں جامعہ بلوچستان کے قریب چوک پر موجود چوکی کے ارد گرد رکھی گئی مٹی کی بوریوں میں نامعلوم افراد نے دھماکہ خیز مواد چھپایا تھا جو زور دار دھماکے سے پھٹ گیا جس کے نتیجے میں چوکی کے قریب ڈیوٹی پر مامور ٹریفک پولیس کے ہیڈ کانسٹیبل محمد تنویر اور کانسٹیبل محمد ارشد موقع پر شہید جبکہ ٹریفک پولیس سارجنٹ محمد اجمل اور کانسٹیبل محمد رمضان، ڈسٹرکٹ پولیس کا ایک اہلکار سمیت7 افراد شدید زخمی ہو گئے دھماکے سے 4 موٹرسائیکلیں،1 رکشہ مکمل طور پر تباہ ہو گیا اور نزدیکی عمارتوں کے شیشے ٹوٹ گئے دھماکے سے علاقے میں خوف وہراس پھیل گیا دھماکے کے اطلاع ملتے ہی پولیس ، فرنٹیئر کور اور بم ڈسپوزل اسکواڈ کا عملہ موقع پر پہنچ گیا جنہوں نے علاقے کو گھیرے میں لے کر لاشوں اور زخمیو ں کو ہسپتال پہنچا دیا بم ڈسپوزل اسکواڈ کے ذرائع کے مطابق دھماکہ ٹائم ڈیوائس کے ذریعے کیا گیا اور دھماکہ خیز مواد چوکی کی قریب رکھی گئی مٹی کی بوریوں میں چھپایا گیا تھا دھماکے میں2کلو گرام بارود استعمال کیا گیا یاد رہے کہ اس سے قبل بھی فرنٹیئر کور اور پولیس کی چیک پوسٹوں اور مختلف چوکوں پر موجود چوکیوں پر بم دھماکے ہوئے ہیں جس میں متعدد اہلکار جاں بحق اور زخمی ہوئے تھے پولیس نے نامعلوم ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر کے کارروائی شروع کر دی۔