کابینہ کی ساری توجہ پانامہ لیکس اور وزیراعظم کے دفاع پر ہے،نعیم الحق

پرویز رشید نے پریس کانفرنس کرکے قوم کا وقت ضائع کیا ،قوم انتظار میں تھی کہ وزیراعظم پانامہ لیکس سے متعلق سوالات کا جواب دینگے حکومت کو چیلنج کرتا ہوں کہ پی ٹی آئی اے کے جن لوگوں کا نام پانامہ میں آیا ہے ان کی تفتیش شروع کروائیں،میڈیا سے گفتگو

اتوار 15 مئی 2016 11:08

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔15 مئی۔2016ء)تحریک انصاف کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات نعیم الحق نے کہا ہے کہ وزیراعظم حکومت نہیں کرپارہے ، وزیراعظم اور ان کی تمام کابینہ کی ساری توجہ پانامہ لیکس اور وزیراعظم کے دفاع پر ہے ،پرویز رشید اور حکومت کو چیلنج کرتا ہوں کہ پی ٹی آئی اے کے جن لوگوں کا نامہ پانامہ میں آیا ہے ان کی تفتیش شروع کروائیں ۔

ہفتہ کے روز میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے نعیم الحق نے کہا کہ پرویز رشید نے پریس کانفرنس کرکے قوم کا وقت ضائع کیا ہے اور عمران خان پر کیچڑ اچھالا ہے قوم انتظار میں تھی کہ وزیراعظم پانامہ لیکس سے متعلق سوالات کا جواب دیں گے لیکن انہوں نے خطاب کے دوران اپنے کارنامے گنوادیئے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم حکومت نہیں کرپا رہے حکومتی تجاویز کو مسترد کردیا گیا ہے اور اپوزیشن کے ساتھ مل کر ٹی او آرز بنانے کا کہا گیا ہے جبکہ سابق چیف جسٹس افتخار چوہدری نے بھی وزیراعظم سے استعفیٰ کا مطالبہ کردیا ۔

(جاری ہے)

نعیم الحق نے کہا کہ وزیراعظم سے پوچھتا ہوں آپ کے پاس پیسہ کہاں سے آیا اور یہ پیسہ باہر ملک کیسے منتقل کیا کیا آپ کی کمپنیز رجسٹرڈ ہیں ؟ آپ کے بیٹوں کا ذریعہ معاش کیا ہے انہوں نے کہا کہ پرویز رشید اور حکومت کو چیلنج کرتا ہوں کہ پی ٹی آئی اے کے جن لوگوں کا نام پانامہ میں آیا ہے ان کی تفتیش شروع کروائیں مگر افسوس کے اس کیلئے اخلاقی جرات چاہیے وہ ان میں موجود نہیں ہے انہوں نے کہا کہ پرویز رشید اڑتالیس گھنٹوں میں تحقیقات کروائیں عمران خان کی آف شور کمپنی اب ختم ہوچکی ہے پرویز رشید نے پی ٹی آئی کے چھ لوگوں کے نام لئے ہیں عمران خان کو ورلڈ کپ میں کمٹنری اور کرکٹ سے بہت پیسہ ملا اور انہوں نے 1983ء میں لندن کا فلیٹ خریدا ان کے اکاؤنٹنٹ نے انہیں آف شور کمپنی کا مشورہ دیا تھا عمران خان نے اپنا پیسہ پاکستان بھیج دیا اس وقت ان کا کوئی باقاعدہ ذریعہ معاش نہیں ہے تحریک انصاف احتساب کیلئے حاضر ہے مگر نواز شریف حکومت کی گرفت کمزور ہورہی ہے وفاقی وزراء قوم کے پیسوں سے تنخواہ لیتے ہیں عمران خان کے ٹیکسز کی تمام تفصیلات پیر کو سامنے لے آئینگے اگر آپ نے تحقیقات نہ کروائیں تو آپ اپنے حلف سے غداری کرینگے پرویز رشید نے قوم سے جھوٹ بولا ہے مجھے پوری امید ہے کہ وزیراعظم اپوزیشن کے سوالوں کے جواب نہیں دینگے سوال یہ ہے کہ پاکستانی قوانین کی خلاف ورزی ہوئی ہے یا نہیں اور وزیراعظم بتائیں کہ انہوں نے پیسہ کس طرح کمایا