نیب کا چھاپہ، حیدرآباد کے تاجروں نے چیمبر کے صدر گوہر اللہ کو گرفتار کرنے کی کوشش ناکام بنادی

اتوار 15 مئی 2016 11:10

حیدرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔15 مئی۔2016ء)قومی احتساب بیورو (نیب) کی ایک ٹیم نے ہفتہ کو حیدرآباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے دفتر پر چھاپہ مارا اور چیمبر کے صدر گوہر اللہ کو گرفتار کرنے کی کوشش کی تاہم تاجروں نے گوہراللہ کو گرفتار کرنے سے روکا۔ اس حوالے سے نیب کے ایڈیشنل ڈائریکٹر جہانزیب خان نے ”اے پی پی“ کو بتایا کہ وہ کراچی سے حیدرآباد پہنچے جس کا مقصد گوہراللہ خان کے وارنٹ گرفتاری پر عمل کرنا تھا۔

وہ ایک کیس میں مطلوب ہیں جس کے حوالے سے ان سے مزید جانچ کرنی تھی۔ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کی ایگزیکٹیو کمیٹی کے سینئر ممبر سید یاور علی شاہ نے بتایا کہ ایڈیشنل ڈائریکٹر نیب کی سربراہی میں ایچ سی سی آئی کے سیکرٹریٹ پر چھاپہ مارا جہاں تاجر حیسکوانتظامیہ کے رویے کے خلاف ایک اجلاس میں شرکت کیلئے پہنچے تھے۔

(جاری ہے)

نیب کی ٹیم گوہر اللہ کو حیسکو انتظامیہ کی شکایات کے تحت گرفتار کرنے آئی تھی جو فتح گروپ کے صنعتی یونٹس پر بقایاجات کے حوالے سے تھی۔

تاجر برادری کے نمائندوں کی جانب سے ایک گھنٹہ تک نیب ٹیم سے مزاحمت اور گوہراللہ کو ایچ سی سی آئی سیکرٹریٹ سے باہر نکلنے میں انکی مدد کی گئی جبکہ نیب اہلکاروں کا گھیراؤ بھی کیا گیا اور گوہراللہ کے وہاں سے نکل جانے کے بعد انکا گھیراؤ ختم کیا گیا۔

متعلقہ عنوان :