عمران خان کے مالی معاملات کی نگران فرم نے ن لیگ کا جھوٹا پراپیگنڈا مسترد کردیا

30برس سے عمران خان کے مالی معاملات دیکھ رہے ہیںآ ج تک انکم ٹیکس ڈیپارٹمنٹ نے ٹیکس بچانے یا اثاثے چھپانیکا کوئی نوٹس نہیں دیا،یوسف اسلام ایسوسی ایٹس کا تحریک انصاف کی قیادت کو خط

پیر 16 مئی 2016 10:35

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔16 مئی۔2016ء)چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کے مالی معاملات کی نگران فرم نے نون لیگ کے جھوٹے پراپیگنڈے کو مسترد کر دیا ۔یوسف اسلام ایسوسی ایٹس نے تحریک انصاف کی قیادت کے نام خط لکھ دیا۔تفصیلات کے مطابق عمران خان کے مالی معاملات کی نگران فرم نے نون لیگ کے جھوٹے پراپیگنڈے کو مسترد کر تے ہوئے تحریک انصاف کی قیادت کے نام خط لکھ دیا ہے۔

یوسف اسلام ایسوسی ایٹس کے سربراہ نے خط میں تمام حقائق درج کر دئیے ہیں۔ خط میں کہا گیا ہے کہ یوسف اسلام ایسوسی ایٹس گزشتہ تیس برس سے عمران خان کے مالی معاملات کی دیکھ بھال کر رہی ہے۔عمران خان کو آج تک انکم ٹیکس ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے ٹیکس بچانے یا اثاثے چھپانے کے حوالے سے کبھی کوئی نوٹس نہیں دیا گیا۔

(جاری ہے)

عمران خان مالی معاملات کے حوالے سے مکمل طور پر شفاف ریکارڈ کے حامل ہیں۔

عمران خان پاکستانی قوانین کے مطابق باقاعدگی سے انکم ٹیکس اور ویلتھ ٹیکس گوشوارے داخل کرواتے آئے ہیں۔ خط میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ کرکٹ اور اشتہارات سے حاصل ہونے والی ساری آمدن باضابطہ طور پر گوشواروں میں ظاہر کی گئی ہے۔لندن کا فلیٹ بھی باقاعدہ عمران خان کے گوشواروں میں ظاہر کیا گیا ہے۔لندن کا فلیٹ 2003 میں فروخت کیا گیا اور اس سے حاصل ہونے والی رقم قانونی ذرائع سے پاکستان لائی گئی تھی اور ہم عمران خان کے مالی معاملات کے حوالے سے تمام سوالوں کے جواب دینے کو تیار ہیں۔