وزیر اعظم کا خطاب ، سات سوالات کا جواب نہ ملنے پر اپوزیشن ایوان سے واک آؤٹ کر گئی

ایوان میں وزیراعظم کے خلاف شدید نعرے بازی وزیراعظم کا رنگ زرد ہوگیا ، سر نیچے کر کے بیٹھ گئے وزیراعظم سات سوالات کاجواب دینے کی بجائے ہمارے سوالات مزید 70 تک بڑھا دیئے ہیں ،خورشید شاہ

منگل 17 مئی 2016 09:54

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔17 مئی۔2016ء) قومی اسمبلی میں وزیر اعظم نوازشریف کی جانب سے سات سوالوں کا جواب نہ دینے کے خلاف اپوزیشن کے ارکان ایوان سے واک آؤٹ کر گئے اور ایوان میں وزیراعظم کے خلاف شدید نعرے بازی بھی کی ۔ ۔ اجلاس سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کی صدارت میں ہورہا تھا۔ اپوزیشن کے احتجاج اور نعروں سے وزیراعظم کا رنگ زرد ہوگیا اور سر نیچے کر کے بیٹھ گئے۔

خورشید شاہ نے اپنی مختصر تقریر میں کہا کہ اپوزیشن نے سات بڑے معصومانہ سوالات کئے لیکن وزیراعظم نے ان سوالات کاجواب دینے کی بجائے ہمارے سوالات مزید 70 تک بڑھا دیئے ہیں ۔ سات سوالوں کے جواب دیتے تو مسئلہ حل ہوجائے گا آسانی سے جواب دیتے ۔ دبئی اور جدہ بھی آگیا لیکن جواب نہیں دیئے انہوں نے کہا کہ وزیراعظم سے قوم جواب مانگتی ہے اور جواب دینے ہوں گے۔

(جاری ہے)

خورشید شاہ نے کہا کہ ان حالات میں مزید تقریر کا جواز نہیں میں اب قوم کا وقت ضائع نہیں کرنا چا ہوں گا اب ہم ایک دوسرے کو چور چور کہیں لیکن بہتر یہ ہے کہ اپوزیشن اس ایوان سے احتجاجاً واک آؤٹ کرتی ہے جس کے بعد اپوزیشن واک آؤٹ کر گئی ۔ اپوزیشن نے چور چور کے نعرے لگائے نعرے لگانے ولوں میں بشیر چیمہ‘ جمشید دستی ‘ اسد خان تھے ۔ اپوزیشن نے ایوان کے اندر شدید نعرے بازی کی اور وزیراعظم کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔