کوشش ہے ملک میں ایک ہی دن رمضان المبار ک اور عید الفطر ہو،سردار یوسف

حکومت شرعی معاملات میں کسی صورت مداخلت نہیں کرے گی، علماء کرام سے مشاورت کی جا رہی ہے قرانی تعلیمات پر عمل کرنا ہی دنیا اور آخرت میں کامیابی کا باعث ہے ، ملکی سطح پرمقابلہ حفظ و قرأت کے انعام یافتگان کو بیرونِ ملک مقابلوں میں بھجوایا جائے گا،قومی مقابلہ حفظ و قرات کے موقع پر خطاب

جمعہ 20 مئی 2016 09:26

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔20 مئی۔2016ء) وفاقی وزیر مذہبی امور سردار یوسف نے کہاہے کہ ملک میں ایک ہی دن رمضان المبار ک اور عید الفطر کے حوالے سے حکومت اپنی کوششوں میں مصروف ہے ، قرآن پاک سرچشمہ حیات ہے جس میں تمام انسانیت کیلئے واضح رہنمائی ہے ،قرانی تعلیمات پر عمل کرنا ہی دنیا اور آخرت میں کامیابی کا باعث ہے ، ملکی سطح پرمقابلہ حفظ و قرأت کے انعام یافتگان کو بیرونِ ملک مقابلوں میں بھجوایا جائے گا ۔

ان خیالات کا اظہار وفاقی وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف نے قومی مقابلہ حفظ و قرات کے موقع پر اپنے خطاب میں کیا ۔ وفاقی وزیر نے کہاکہ حکومت اپنی بھرپور کوششوں میں لگی ہوئی ہے کہ ملک میں رمضان المبارک اور عیدین ایک ہی روز منعقد کئے جائیں تاہم اس سلسلے میں فیصلہ کرنا رویت ہلال کمیٹی کا کام ہے حکومت شرعی معاملات میں کسی صورت مداخلت نہیں کرے گی انہوں نے کہاکہ بدقسمتی سے ملک میں شرعی مسائل کو بھی آنا کا مسئلہ بنا لیا جاتا ہے اس سلسلے میں علماء کرام سے مشاورت کی جا رہی ہے رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس پشاؤر میں منعقد کرنے پر بھی غور کیا جا رہا ہے وفاقی وزیر نے کہاکہ قرآن پاک میں تمام انسانیت کے لئے واضح احکامات موجود ہیں جن پر عمل کرنا ہی کامیابی کی ضمانت ہے انہوں نے کہاکہ قرآن پاک دنیا میں سب سے زیادہ پڑھی جانے والی کتاب ہے تعلیمات نبوی کا عام کرنے کی ضرورت ہے انہوں نے تقسیم انعامات میں شرکت کرنے والے تمام انعام یافتگان کو دلی مبارکباد پیش کی انہوں نے شرکاء پر قرآن پاک کی تعلیمات اور نبی کریم ﷺ کی اسوہ ٴحسنہ کو اپنی زندگیوں کا حصہ بنانے پر زور دیا اور اس سلسلے میں وزارتِ مذہبی امور کی طرف سے کی جانے والی کوششوں کا ذکر کیا۔

(جاری ہے)

شعبہ ٴ حفظ کے چار وں درجات میں اول آنے والے خوش نصیبوں میں صوبہ خیبر پختونخوا سے حافظ محمد ایان، صوبہ بلوچستان سے حافظ اعزاز اللہ، صوبہ سندھ سے حافظ مبشراور اسلام آباد سے حافظ عبداللہ اعظم شامل تھے جبکہ شعبہ قرأت میں بلوچستان کے قاری حسن علی، اسلام آباد سے قاریہ سمعیہ حنان اور قاری محمد شفیق اور پنجاب سے قاریہ نور النساء نے اوّل پوزیشنز حاصل کیں۔

واضح رہے کہ ایک روز قبل اسلام آباد کے ایک مقامی ہوٹل میں صوبائی سطح کے انعام یافتہ حفاظ اور قرأ حضرات کے درمیان مقابلہ ہواتھا۔ پاکستان کے چاروں صوبوں، گلگت بلتستان، افواجِ پاکستان ، آزاد کشمیر اور ضلع اسلام سے کل 63بچوں اور بڑوں نے مقابلے میں حصہ لیا۔ مقابلہ حفظِ قرآن اور حُسنِ قرأت کی کل آٹھ کیٹگریاں بنائی گئی تھیں یعنی شعبہ ٴ حفظ اور قرأت دونو ں کے لئے بالترتیب 4، 4کیٹگریاں بنائی گئی تھیں۔

حفظِ قرآن کی پہلی کیٹگری میں 30مکمل پاروں، دوسری میں پہلے 20پارے، تیسری میں پہلے 10اور چوتھی کیٹگری میں پہلے پانچ پارے والے حفاظ ِ کرام نے شرکت کی۔ مقابلہ حُسنِ قرأت کیلئے چار کیٹگریوں میں سے ایک ایک سولہ سال سے کم قاری اور قاریہ کیلئے جبکہ ایک ایک بالترتیب 16سال سے زائد قاری اور قاریہ کے لیے مختص تھیں۔ اوّل، دوئم اور سوئم انعامات بالترتیب 50ہزار، 35ہزار اور 25ہزار رکھے گئے تھے اس طرح کُل 24 انعامات تقسیم کیے گئے ۔ مقابلے کے حجز کے فرائض قاری سید صداقت علی، قاری بزرگ شاہ، قاری عبدالحنان اور قاری محمد آسف سروری نے سر انجام دیے۔

متعلقہ عنوان :