الیکشن کمیشن نے شریف فیملی کے اثاثوں کی تفصیلات پیپلزپارٹی کو دینے کی منظوری دیدی

پیپلز پارٹی نے وزیر اعظم، اسحاق ڈار سمیت خاندان کے 1990سے 2013تک اثاثوں کی تفصیلات فراہم کرنیکی درخواست کی تھی علیم خان کیخلاف جھوٹا حلف نامہ جمع کرانیکی درخواست پر فیصلہ محفوظ،کیپٹن صفدر کواثاثوں کی غلط تفصیلات فراہم کرنے پر نوٹس

منگل 24 مئی 2016 10:12

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔24 مئی۔2016ء) الیکشن کمیشن آف پاکستان نے وزیر اعظم پاکستان میاں نواز شریف اور اس کے خاندان کے اثاثوں کی تفصیلات پیپلز پارٹی کو فراہم کرنے کی منظوری دیدی ہے ،پیپلز پارٹی کی جانب سے وزیر اعظم پاکستان اور وزیر خزانہ اسحاق ڈار سمیت خاندان کے 1990سے 2013تک الیکشن کمیشن کو جمع کرائے جانے والے اثاثوں کی تفصیلات فراہم کرنے کی درخواست کی گئی تھی ،الیکشن کمیشن نے پی ٹی آئی کے علیم خان کے خلاف جھوٹا حلف نامہ جمع کرانے کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کر لیا ہے،پی ٹی آئی کے نوابزدہ صلاح الدین کی جانب سے مسلم لیگ ن کے رکن اسمبلی کیپٹن صفدر کے خلاف اثاثوں کی غلط تفصیلات فراہم کرنے پر نوٹس جاری کر دیا ہے ۔

(جاری ہے)

الیکشن کمیشن کے ذرائع کے مطابق پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنماؤں نیئر بخاری اور سردار لطیف کھوسہ کی جانب سے وزیر اعظم پاکستان میاں نواز شریف اور اس کے خاندان سمیت وزیر خزانہ اسحاق ڈار کے اثاثوں کی1990سے لیکر2013تک تفصیلات فراہم کرنے کی درخواست کی منظوری دیدی ہے درخواست میں شریف خاندان کی جانب سے کاغذات نامزدگی کے موقع پر جمع کرائے جانے والے اثاثوں کی تفصیلات اور سالانہ گوشواروں کی تفصیلات فراہم کرنے کی استدعا کی گئی تھی الیکشن کمیشن نے سپیکر قومی اسمبلی سردار آیاز صادق کی جانب سے این اے 122میں پی ٹی آئی کے امیدوار علیم خان کی جانب سے جھوٹے حلف نامے جمع کرانے کے بارے میں دائر درخواست پر فریقین کی عدم موجودگی کی وجہ سے فیصلہ محفوظ کر لیا ہے کیس کی اگلی سماعت 6جون کو ہوگی جبکہ پی ٹی آئی کے امیدوار نوابزادہ صلاح الدین کی جانب سے وزیر اعظم کے داماد کیپٹن(ر) صفدر کے خلاف اپنی اہلیہ کے غلط اثاثے جمع کرانے کے سلسلے میں نااہلی کی درخواست پر کیپٹن صفدر کو نوٹس جاری کر دئیے ہیں ۔