سفارتخانو ں کی فروخت میں اربوں روپے کی کرپشن کی تحقیقات مکمل

نیب نے سابق سفیر جنرل(ر) سید مصطفیٰ انور شاہ اور کامران نیاز کو نوٹسز جاری کر دیئے

منگل 24 مئی 2016 10:17

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔24 مئی۔2016ء) نیب نے ٹوکیو اور جکارتہ سفارتخانہ کرپشن کیس کی تحقیقات مکمل کر لی ہے اور سابق سفیر کامران نیاز اور جنرل(ر) سید مصطفیٰ انور شاہ کو سمن جاری کئے گئے ہیں ۔ صدر مشرف دور میں ان سفیروں نے ٹوکیو اور جکارتہ سفارتخانہ کی جائیداد غیر قانونی طور پر فروخت کی تھی اور مبینہ طور پر اربوں روپے کی کرپشن کی تھی ۔

ٹوکیو اور جکارتہ سفارتخانہ کی جائیداد کو فروخت کرنے کی باضابطہ منظوری صدر مشرف نے دی تھی ۔ مقدمہ کی تحقیقات مکمل کر کے نیب کے تحقیقاتی افسران نے اپنی ابتدائی رپورٹ چیئرمین نیب اور چیئرمین پی اے سی کو ارسال کر دی ہے ۔خبر رساں ادارے کو ملنے والی دستاویزات کے مطابق انڈونیشیا میں پاکستانی سفیر جنرل(ر) سید مصطفیٰ شاہ نے جکارتہ میں پاکستانی سفارتخانہ کی پوری عمارت 1.32 ملین امریکی ڈالر میں مقامی کمپنی کو فروخت کر دی تھی جس میں مبینہ طور پر بھاری کرپشن کی گئی تھی ۔

(جاری ہے)

ٹوکیو میں پاکستانی سفیر کامران نیاز نے بھی صدر مشرف کی اجازت سے ایمبیسی کی عمارت فروخت کر دی جس میں بھاری کرپشن کی گئی تھی جب یہ معاملہ 2008 میں پی اے سی میں آڈیٹر جنرل نے انکشاف کیا تو اس وقت کے چیئرمین پی اے سی چودھری نثار علی خان نے نیب کو تحقیقات کا حکم دیا تھا جو اب تحقیقات مکمل کر کے رپورٹ ارسال کر دی ہے۔ نیب حکام کے مطابق تحقیقات مکمل ہیں اور وضاحتی بیان کے لئے جنرل (ر) مصطفیٰ انور شاہ اور کامران نیاز کو نوٹسسز جاری کئے جا رہے ہیں نیب نے کہا کہ تحقیقات میں سفارتخانوں کی فروخت میں بھاری کرپشن کے ثبوت سامنے آئے ہیں ۔

متعلقہ عنوان :