وزیر داخلہ کا نادرا کو شناختی کارڈ کی تصدیق کا لائحہ عمل 48 گھنٹوں میں تیار کرنیکا حکم

غیر ملکیوں کے زیر استعمال شناختی کارڈ فوری طور پر منسوخ ،جعلی شناختی کارڈ کے اجراء میں ملوث افراد کیخلاف سخت کارروائی کا فیصلہ تضحیک آمیز ہے کہ پیسے دیکر نادرا کا شاختی کارڈ مل جاتا ہے،نادرا اور کرپشن ایک ساتھ نہیں چل سکتے ایمرجنسی ورک پلان بنانا ہو گا،چوہدری نثار

جمعرات 26 مئی 2016 09:47

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔26 مئی۔2016ء) وزیر داخلہ چودھری نثار علی خان نے نادرا کو ملک بھر میں شناختی کارڈ کی تصدیق کا لائحہ عمل 48 گھنٹوں میں تیار کرنے کی ڈیڈ لائن دے دی ۔ غیر ملکیوں کے زیر استعمال شناختی کارڈ فوری طور پر منسوخ کرنے کا حکم بھی دے دیا ۔ وزیر داخلہ چودھری نثار علی خان کی زیرصدارت اجلاس نادرا ہیڈ کوارٹر میں ہوا جس میں چیئرمین نادرا ڈی جی پاسپورٹ اور ایف آئی اے کے حکام نے شرکت کی ۔

وزیر داخلہ نے قومی شناختی کارڈ غیر ملکیوں کے زیر استعمال ہونے کا سخت نوٹس لیا۔ انہوں نے کہا کہ میرے لئے تضحیک آمیز ہے کہ پیسے دے کر نادرا کا شاختی کارڈ مل جاتا ہے ۔ہمیں آج کو بہتر بنانے کے ساتھ ساتھ مستقبل کی بھی حکمت عملی بنانا ہو گی نادرا اور کرپشن ایک ساتھ نہیں چل سکتے ایمرجنسی ورک پلان بنانا ہو گا غیر ملکیوں کے زیر استعمال شناختی کارڈ کو فوری منسوخ کیا جائے انہوں نے اجلاس میں نادرا کو ہدایت کی کہ ملک بھر میں شناختی کارڈ کی دوبارہ تصدیق کے لئے 48 گھنٹوں میں لائحہ عمل تیار کیا جائے ہمیں برسوں کا کام دنوں میں کرنا ہے ۔

(جاری ہے)

پاکستان کے ساتھ منفی چیزوں کا منسوب ہونا ناقابل برداشت ہے ۔ چیئرمین نادرا کو ہدایت کی بدعنوان عناصر کے خلاف کارروائی بہتر کریں دنیا کو پیغام دینا ہے کہ پاکستان شناختی کارڈ کا حصول آسان نہیں ہے اجلاس میں ولی محمد کے جعلی شناختی کارڈکے معاملے پر بھی بات کی گئی۔ اجلاس میں جعلی شناختی کارڈ کے اجراء میں ملوث افرادکیخلاف سخت کارروائی کا فیصلہ کیا گیا اور نادرا و پاسپورٹ ڈائریکٹوریٹ کے درمیان رابطہ بہتربنانے پراتفاق ہوا۔