نوازشریف پانامہ لیکس کے بعد ملک بھر میں100ارب روپے سے زائد منصوبوں کے اعلانات کرچکے ہیں یہ بتائیں کہ اتنے پیسے ان کے پاس کدھر سے آئیں گے،عمران خان

جمعرات 26 مئی 2016 09:52

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔26 مئی۔2016ء)چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان نے کہا ہے کہ نوازشریف پانامہ لیکس کے بعد ملک بھر میں100ارب روپے سے زائد منصوبوں کے اعلانات کرچکے ہیں یہ بتائیں کہ اتنے پیسے ان کے پاس کدھر سے آئیں گے۔یہ لوگ صرف اعلانات ہی کرکے عوام کو دھوکہ دینے کی کوشش کررہے ہیں عملی کام خیبرپختونخوا میں ہورہے ہیں جہاں عوام نظام کی حقیقی تبدیلی کے بعد عملی طورپر تبدیلی محسوس کررہے ہیں۔

صوبے کے پسماندہ علاقوں میں جہاں عوام بجلی کی نعمت سے محروم ہیں وہاں ساڑھے تین سوسے زائد نہروں اورچشموں پر چھوٹے پن بجلی گھروں کی تعمیر پر تیزی سے کام جاری ہے جس سے تقریباًساڑھے تین لاکھ آبادی مستفید ہوگی اور سستی ترین بجلی کی پیداوارسے لوگوں کولوڈشیڈنگ کے عذاب سے نجات ملے گی۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہارانہوں نے ضلع بٹ گرام میں شملئی کے مقام پر منی مائیکرو کے تین بجلی گھروں کے افتتاح کے بعد عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

اس موقع پر توانائی کے صوبائی وزیرمحمد عاطف خان،سیکرٹری توانائی وبرقیات انجینئرنعیم خان،چیف ایگزیکٹو پیڈو اکبر ایوب خان،منصوبے پر کام کرنے والے ادارے ہائیڈرولنک کے چیف انجینئرفضل ربی بھی موجود تھے ۔چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے محکمہ توانائی وبرقیات کے ذیلی ادارے پیڈو کے تعاون سے بیلہ بالاکے مقام پر200کلوواٹ ،شگئی کے مقام پر75کلوواٹ اوربیسا خیت کے مقام پر30کلوواٹ کے بجلی گھروں کا افتتاح کیا جو کہ موجودہ صوبائی حکومت کی جانب سے بجلی کی نعمت سے محروم صوبے کے 12اضلاع میں تعمیرکئے جانے والے356منی مائیکرروبجلی گھروں کی تعمیرکے سلسلے میں مکمل کئے گئے۔

عمران خان نے کہا کہ تبدیلی اورنج ٹرین اور میٹرو بسوں کے ذریعے نہیں آتی بلکہ نظام تبدیل کرنے سے تبدیلی آتی ہے ۔ اورنج ٹرین منصوبے پر اربوں روپے خرچ کئے جارہے ہیں اور اس کی اگرآڈٹ رپورٹ دیکھی جائے تو اس میں بڑے پیمانے پر کرپشن ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوامیں تبدیلی یہ ہے کہ 5ارب روپے کی لاگت سے 356چھوٹے بجلی گھربنائے جارہے ہیں جس سے ساڑھے تین لاکھ آبادی مستفید ہوگی انہوں نے کہا کہ سستی بجلی کی پیداوارکے ان منصوبوں کومکمل کرکے مقامی آبادی کے حوالے کیا جائے گا جو 2روپے فی یونٹ سے بھی سستی بجلی پیداکرکے عوام کی فراہم کی جائے گی اور لوگوں کو لوڈشیڈنگ کے عذاب سے نجات مل جائے گی۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر توانائی محمد عاطف خان نے کہا کہ سب سے بڑی تبدیلی یہ ہے کہ ہم نے سرکاری اداروں سے رشوت اور سفارش کے کلچر کوختم کردیا ہے اب ایزی لوڈ کا زمانہ ختم ہوچکاہے اب تمام فیصلے اور کام میرٹ پر ہورہے ہیں۔ انہوں نے علاقے میں ہائی سکول کی اپ گریڈیشن کا بھی اعلان کیا، تقریب کے آخرمیں چیئرمین عمران خان نے صوبائی وزیر توانائی عاطف خان،سیکرٹری توانائی انجینئر نعیم خان ، پیڈوچیف اکبر ایوب خان اور منصوبے پر کام کرنے والی ٹیم کا شکریہ اداکیا اور انہیں زبردست خراج تحسین پیش کیا۔