اتحادی افواج کی موجودگی تک افغان حکومت سے مذاکرات کا لفظ بھی نہیں سننا چاہتے،افغان طالبان

افغان حکومت کے مذاکرات صرف دھوکہ ہیں، اتحادی افواج کو افغانستان سے بھگانے کے لئے ان پر حملے تیز کئے جائیں ، امیر ہیبت اللہ اخونزادہ کا بیان

منگل 31 مئی 2016 09:49

کابل(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔31 مئی۔2016ء) افغان طالبان کے امیر ہیبت اللہ اخونزادہ نے اعلان کیا ہے کہ افغانستان میں اتحادی افواج کی موجودگی تک افغان حکومت سے مذاکرات کا لفظ بھی نہیں سننا چاہتے۔ افغان حکومت کے مذاکرات صرف دھوکہ ہیں ۔

(جاری ہے)

میڈیارپورٹس کے مطابق پیر کے روز افغان طالبان کے نئے منتخب ہونے والے امیر شیخ ہیبت اللہ اخونزادہ نے جاری بیان میں کہا ہے کہ جب تک افغانستان سے امریکا اور اس کی اتحادی افواج کا انخلا نہیں ہو جاتا افغان حکومت کے ساتھ مذاکرات کا ایک لفظ بھی سننا نہیں چاہتے کیونکہ افغان حکومت کے ساتھ ہر سطح پر مذاکرات صرف اور صرف دھوکا ہے۔

انہوں نے کہا کہ افغانستان میں امن کے خواہاں ہیں لیکن آج تک طالبان کے ساتھ مذاکرات کے نام پر دھوکا دیا گیا ہے۔ ایک طرف مذاکرات کرتے ہیں دوسری طرف ہمارے ساتھیوں کو مارتے ہیں۔ انہوں نے طالبان کے کمانڈروں کو ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا کہ اتحادی افواج کو افغانستان سے بھگانے کے لئے ان پر حملے تیز کئے جائیں اور اپنے شہیدوں کا بدلہ لیا جائے۔