وفاقی کابینہ کے اجلاس میں وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار سمیت متعدد وزراء شریک نہیں ہوئے

وفاقی وزیر تجارت انجینئر خرم دستگیراور وزیر پانی وبجلی خواجہ آصف لندن میں ہونے کی وجہ سے اجلاس میں شرکت نہ کرسکے بعض وزراء مصروفیات کی وجہ سے اجلاس میں شرکت نہیں کر سکے،کسی قسم کی قیاس آرائیاں نہ کی جائیں،ترجمان وزیراعظم

منگل 31 مئی 2016 09:54

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔31 مئی۔2016ء)وفاقی کابینہ کے اجلاس میں وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان سمیت متعدد وزراء شریک نہیں ہوئے ۔ذرائع کے مطابق پیر کو وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوا جس سے ویڈیو لنک کے ذریعے وزیراعظم نوازشریف نے خطاب کیا جبکہ اجلاس کے دوران آئندہ مالی سال کے بجٹ کی تجاویز کی منظوری دی گئی۔اجلاس میں وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثارعلی خان شریک نہیں ہوئے جبکہ وفاقی وزیر تجارت انجینئر خرم دستگیر بھی لندن میں ہونے کی وجہ سے اجلاس میں شرکت نہیں کر سکے ۔

وفاقی وزیر پانی و بجلی خواجہ آصف پیر کی صبح وزیراعظم نوازشریف کی عیادت کے لئے لندن روانہ ہو گئے جس کی وجہ سے وہ اجلاس میں شریک نہیں ہو سکے ۔ ذرائع کے مطابق وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے دن 2بجے کیبنٹ سیکرٹری کو آگاہ کیا کہ وہ اجلاس میں شرکت نہیں کر رہے ۔

(جاری ہے)

سابق وفاقی وزیر برائے ہاؤسنگ عثمان ابراہیم اجلاس میں موجود تھے۔ دریں اثناء وزیر اعظم کے ترجمان مصدق ملک سے وفاقی وزراء کی کابینہ اجلاس میں عدم شرکت سے متعلق پوچھا گیا تو انہوں نے کہا کہ وفاقی وزراء بعض مصروفیات کی وجہ سے اجلاس میں شرکت نہیں کر سکے لہذا اس معاملے پر کسی قسم کی قیاس آرائیاں نہ کی جائیں۔

دوسری جانب سوشل میڈیا پر بھی وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثارعلی خان سمیت دیگر وزراء کی کابینہ اجلاس میں عدم شرکت پر معنی خیز تبصرے کئے جا رہے ہیں ۔