وفاقی حکومت نے عوام کی سہولت کیلئے پونے دو ارب رمضان ریلیف پیکج کی سبسڈی کا اعلان کر دیا، رمضان المبارک میں اس پیکج سے عام آدمی کو خاطر خواہ ریلیف ملے گا

وفاقی وزیر صنعت و پیداوار غلام مرتضیٰ خان جتوئی کی یوٹیلٹی سٹورز کارپوریشن کے حوالے سے میڈیا کو بریفنگ

جمعرات 2 جون 2016 09:48

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔2جون۔2016ء) وفاقی حکومت نے عوا م کی سہولت کیلئے پونے دو ارب رمضان ریلیف پیکج کی سبسڈی کا اعلان کر دیا۔ رمضان المبارک میں اس پیکج سے عام آدمی کو خاطر خواہ ریلیف ملے گا۔ ان خیالات کا اظہار وفاقی وزیر صنعت وپیداوارغلام مرتضیٰ خان جتوئی نے بدھ کو یہاں وزارت میں رمضان المبارک میں یوٹیلٹی سٹورز کارپوریشن کے حوالے سے میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے کیا۔

اس موقع پر ایم ڈی یوٹیلیٹی سٹورز کارپوریشن اور وزارت صنعت وپیداوار کے دیگر حکام بھی موجود تھے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ یوٹیلیٹی سٹورز کارپوریشن ملک بھر میں پھیلے اپنے نیٹ ورک کے ذریعے عوام تک پہنچائے گا۔ جمہوری حکومت کے اس خصوصی پیکج کے تحت یوٹیلیٹی سٹورز کارپوریشن کے ذریعے عوام کو اشیاء صرف رعائتی نرخوں پر فراہم کی جائیگی۔

(جاری ہے)

اسکے علاوہ اس امر کو یقینی بنانے کیلئے بھی خصوصی ہدایات دی گئیں ہیں کہ یوٹیلیٹی سٹورز پر اشیاء صرف کی وافر مقدار میں فراہمی کو یقینی بنایا جائے۔

جن اشیاء خوردونوش پر سبسڈی دی گئی ہے ان میں آٹا،گھی،خوردنی تیل،دال چنا،سفید چنے،بیسن،کجھور،چاول،چائے،مصالحہ جات،دودھ اور مشروبات شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یوٹیلیٹی سٹورز پر اس پیکج کا باقاعدہ آغاز یکم جون2016سے ہوگا۔وفاقی حکومت کی جانب سے پونے دو ارب روپے کی سبسڈی کے نتیجے میں آٹے کا 20کلو کا تھیلا بازار کی نسبت 80روپے سے100روپے سستا فروخت کیا جائیگا، چینی فی کلو60روپے کی ہوگی ، یوٹیلیٹی گھی فی کلو 115روپے کا ، خوردنی تیل فی لیٹر125روپے کا، دال چنا فی کلو120روپے کا، دال مونگ (دھلی ہوئی ) 148روپے فی کلوکی ، دال ماش (دھلی ہوئی) 273روپے فی کلو، دال مسور فی کلو142روپے ، سفید چنے فی کلو115روپے ، یوٹیلیٹی چکی بیسن فی کلو120روپے، برانڈڈ بیسن فی کلو 140روپے، کالے چنے فی کلو 110روپے، دال ماش (چھلکا) فی کلو 258روپے، دال مسور ثابت 120روپے فی کلو،کجھور (آدھا کلو) 80روپے فی پیکٹ، سپر باسمتی چاول فی کلو 72روپے، سپر سیلہ چاول فی کلو72روپے ، ٹوٹا چاول فی کلو48روپے ، چائے(950gm)603روپے، ٹیٹرا پیک دودھ ملک پیک102روپے فی لیٹر، اسکوائش/مشروبات (800ML)152روپے، اسکوائش/مشروبات (1500ML)265روپے فی بوتل فروخت کئے جائینگے۔

اسکے علاوہ یوٹیلیٹی مصالحہ جات پر بھی 10%خصو صی رعایت دی جائیگی۔اسکے علاوہ یوٹیلیٹی سٹورز کارپوریشن ہمیشہ کی طرح اس بار بھی اپنے سپلائرز اور وینڈرز کے تعاون سے عوام کو 1300سے زائد اشیاء پر 5%سے10%تک خصوصی رعائت دیگی۔ جسکی لسٹیں رمضان کے دوران عوام کی سہولت کیلئے سٹوروں میں ٓاویزاں کی جائینگی۔جو کہ بلاشبہ ایک فلاحی اور مثالی اقدام ہے جس سے عام آدمی کو خاطر خواہ ریلیف ملے گا۔

اور یہی موجودہ جمہوری حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے کہا کہ رمضان المبارک کے دوران اشیاء خوردونوش کی وافر فراہمی کو یقینی بنایا جائیگا اور شفافیت کیلئے ویجیلنس کو مزید موثر بنایا جائیگاجس کیلئے خصوصی آڈٹ اور ویجیلنس ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں جو رمضان کے دوران مختلف زونز ، ریجنز کے سٹوروں کی چیکنگ کریگی ۔ اور کسی قسم کی کوئی کوتاہی برداشت نہیں کی جائیگی ،تا کہ رمضان پیکج کے تمام تر فوائد عام آدمی تک پہنچائے جا سکیں۔رمضان پیکج کی مانیٹرنگ کیلئے ہیڈ آفس میں آپریشن روم بھی بنایا گیا ہے جو ہنگامی بنیادوں پر تما م اشیاء کی وافر فراوانی کو یقینی بنائے گا۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ رمضان المبارک میں یوٹیلٹی سٹورز چھٹی کے دن بھی کھلا رہے گا۔