پاکستان ایئر فورس کی فضائی مشق (ٹیمپٹ ٹو) اختتام پذیر ہو گئی

اختتامی تقریب میں تینوں مسلح افواج کے سربراہان کی شرکت، تینوں فورسز کے درمیان زبردست کو آرڈینیشن ملکی دفاع کے لئے نہایت اہمیت کی حامل ہے، آرمی چیف پاک فضائیہ نے آپریشن ضرب عضب میں کلیدی کردار ادا کیا ہے، ائیر چیف مارشل

جمعہ 3 جون 2016 09:39

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔3جون۔2016ء) پاکستان ایئر فورس کی فضائی مشق (ٹیمپٹ ٹو) اختتام پذیر ہو گئی اختتامی تقریب میں تینوں مسلح افواج کے سربراہ اور چیئر مین جوائنٹ چیف آف سٹاف کمیٹی جنرل راشد محمود نے شرکت کی اور فوجی مشقوں کا معائنہ کیا۔ تفصیلات کے مطابق پاک فضائیہ کی فضائی مشق (ٹیمپٹ ٹو) جمعرات کے روز اختتام پذیر ہوئی ۔ اختتامی تقریب میں آرمی چیف جنرل راحیل شریف، سربراہ پاک نیوی ایڈمرل ذکا اللہ، ایئر چیف مارشل سہیل امان اور چیئر مین جوانٹ چیف آف سٹاف کمیٹی جنرل راشد محمود نے شرکت کی اور کامیاب مشقوں کے انعقاد کو سراہا۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے کہا کہ پیشہ ورانہ امور کی بجا آوری میں فوج کا دیگر فورسز سے قریبی تعاون ہے اور تینوں فورسز کے درمیان ایک زبردست کو آرڈینیشن موجود ہے جو ملکی دفاع کے لئے نہایت اہمیت کا حامل ہے۔

(جاری ہے)

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پاک فضائیہ کے سربراہ ایئر چیف مارشل سہیل امان نے کہا کہ پاک فضائیہ نے آپریشن ضرب عضب میں کلیدی کردار ادا کیا ہے۔

اس طرح کے مشقوں سے پاک فضائیہ کے اپریشنل تیاریوں میں بھرپور مدد ملے گی۔ پاک فضائیہ ہر طرف سے اندرونی اور بیرونی خطرات سے نمٹنے کے لئے مکمل تیار ہے۔ انسداد دہشتگردی کے لئے فوجی مشقوں کا اہم کردار ہے۔ باہمی تعاون کا بھرپور مظاہرہ ضرب عضب میں دیکھنے کو ملا۔ مسلح افواج کی مشترکہ کاوشوں نے ملک سے دہشتگردی ختم کرنے میں بہت ہی اہم کردار ادا کیا ہے۔ اس موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیئر مین جوائنٹ چیف آف سٹاف کمیٹی جنرل راشد محمود نے کہا کہ فوجی مشقیں چیلنجز سے نمٹنے کے لئے نہایت اہمیت کے حامل ہیں۔ جدید دور میں پاک فضائیہ کا کردار قابل فخر اور قابل تعریف ہے۔ اس طرح کے مشقوں سے ہمیں جدید جنگی تقاضوں سے ہم آہنگ ہونے میں مدد ملتی ہے۔

متعلقہ عنوان :