پیپلز پارٹی اور پی ٹی آئی نے عید کے بعد سڑکوں پر نکلنے کا فیصلہ کر لیا

بلاول اور عمران خان کی کارکنوں کو تیاری کرنے کی ہدایات ،پنجاب کو احتجاج کا مرکز بنایا جائیگا

بدھ 8 جون 2016 10:20

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔8جون۔2016ء) چیئرمین تحریک انصاف عمران خان اور پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے عیدالفطر کے بعد اپنی اپنی جماعتوں کو سڑکوں پر آنے کے لئے تیاری کی ہدایت کردی۔ تفصیلات کے مطابق مطابق پاناما لیکس کے معاملے پر حکومت کی جانب سے ٹھوس اقدامات نہ کئے جانے پر چیئرمین تحریک انصاف عمران خان اور پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے اپنی اپنی جماعتوں کو سڑکوں پر لانے کی ہدایت کردی۔

(جاری ہے)

ذرائع کے مطابق بلاول بھٹو زرداری کی جانب سے عید کے بعد پنجاب کو احتجاجی مرکزبنانے کا فیصلہ کیا ہے جہاں صوبے کے مختلف شہروں میں جلسے جلوس اور احتجاجی سرگرمیاں ہوں گی۔دوسری جانب چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے اپنی جماعت کے سینئر رہنماوٴں کو ہدایت کی ہے کہ رمضان المبارک کے دوران احتجاج کی تیاری مکمل کرلی جائے اور پارلیمنٹ سے باہر تحریک چلانے کے لئے دیگر اپوزیشن جماعتوں سے بھی رابطے کی ہدایت کی جب کہ عمران خان نے دیگر ارکان اسمبلی سے بھی اپیل کی کہ وہ بھی حکومت مخالف تحریک کے لئے متحرک ہوجائیں۔