قرآن مجید کو تعلیمی نصاب میں شامل کرنے کا فیصلہ

پہلی سے دسویں جماعت تک کے تمام طالب علموں کے لئے قرآن مجید کی تعلیم لازمی ہو گی،بلیغ الرحمن

جمعہ 10 جون 2016 10:32

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔10جون۔2016ء) وزیرمملکت تعلیم بلیغ الرحمن نے کہا کہ قرآن مجید کو تعلیمی نصاب میں شامل کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ پہلی جماعت سے لیکر دسویں جماعت تک کے تمام طالب علموں کے لئے قرآن مجید کی تعلیم لازمی ہو گی۔ فیصلے پر عملدرآمد کے لئے تمام صوبوں کے وزارت تعلیم کو بھی ہدایت جاری کر دی گئی ہے۔ جمعرات کے روز وزیرمملکت تعلیم بلیغ الرحمن نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ قرآن پاک کو نصاب میں شامل کرے کا فیصلہ کر لیا ہے۔

(جاری ہے)

پہلی جماعت سے لیکر دسویں جماعت کے تمام بچوں کو قرآن مجید ناظرہ پڑھایا جائے گا اور پہلی جماعت سے لیکر دسویں جماعت تک قرآن کی تعلیم لازمی ہو گی اور چھٹی جماعت سے لیکر 12ویں جماعت تک کے تمام طالب علموں کو قران پاک ترجمے کے ساتھ پڑھانا ضروری ہو گا۔ وزیر مملکت تعلیم نے مزید کہا کہ فیصلے پر عمل درآمد کے لئے صوبوں کو بھی ہدایت جاری کر دی گئی ہے اور قران مجید کو تعلیمی نصاب کا حصہ بنانے کے لئے صوبوں سے تجاویز بھی مانگی گئی ہیں۔ واضح رہے کہ سکول میں پڑھنے والے جماعت اول سے جماعت دسویں کے تمام مسلمان طالب علموں پر قرآن مجید لازمی قرار دیا گیا ہے۔ اس فیصلے کے بعد تمام سرکاری غیر سرکاری سکولوں میں قرآن مجید لازمی پڑھایا جائے گا۔

متعلقہ عنوان :