شیشہ نوشی پر پابندی،سپریم کورٹ نے آئی جیز سے ایک ماہ میں رپورٹ طلب کر لی

حکومت پابندی لگانے میں جتنی تاخیر کریگی اتنے لوگ اس ناسور سے مر جائیں گے، جسٹس مقبول باقر، پنجاب میں پابندی کا بل تیار کر لیا،وکیل صوبائی حکومت بل کی وزیراعلیٰ سے منظور ی لے لی جلد قانونی شکل دیدی جائیگی، وکیل سندھ حکومت، بل اسمبلی میں پیش کر دیا گیا ہے،وکیل خیبر پختونخوا حکومت

جمعہ 10 جون 2016 10:38

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔10جون۔2016ء ) سپریم کورٹ نے وفاقی دارالحکومت سمیت چاروں صوبوں کے آئی جیز سے شیشہ نوشی پر مکمل پابندی کے حوالے سے کیے گئے اقدامات کی ایک ماہ میں رپورٹ طلب کرتے ہوئے کیس کی سماعت غیر معینہ مدت کے لیے ملتوی کردی ہے جبکہ دوران سماعت جسٹس مقبول باقر نے ریمارکس دیئے ہیں کہ حکومت پابندی لگانے میں جتنی تاخیر کرے گی اتنے لوگ اس ناسور سے مر جائیں گے ۔

(جاری ہے)

کیس کی سماعت جسٹس گلزار احمد کی سربراہی میں تین رکنی بنچ نے کی کیس کی سماعت شروع ہوئی تو پنجاب حکومت کے وکیل نے عدالت کو بتایاکہ صوبے میں شیشہ نوشی پر مکمل پابندی کے حوالے سے بل تیار کر لیا گیا ہے اور کابینہ کے پاس پڑا ہے ، صوبے میں شیشہ نوشی پر مکمل پابندی عائد کی جارہی ہے ، جبکہ سند حکومت کے وکیل کا کہنا تھا کہ سند حکومت نے بھی اس حوالے سے اقدامات کر لیے ہیں اور شیشہ پر پابندی سے متعلق بل کی وزیراعلیٰ سے منظور ی لے لی گئی ہے جلد قانون کی شکل دیدی جائے گی ، جبکہ خیبر پختونخوا حکومت کے وکیل نے موقف اختیا کہ کہ شیشہ نوشی پر پابندی سے متعلق بل اسمبلی میں پیش کر دیا گیا ہے ، جلدمکمل پابندی کی قانون سازی ہو جائے گی ، جبکہ بلوچستان حکومت کی جانب سے کوئی عدالت میں پیش ہوا ہے اور نہ ہی رپوٹ جمع کرائی ہے ،اس پر جسٹس مقبول باقر نے وفاقی حکومت کے وکیل سے استفسارکیاکہ حکومت کو شیشہ کی امپورٹ پر پابندی کے لئے کتنا وقت چاہئے حکومت پابندی لگانے میں جتنی تاخیر کرے گی اتنے لوگ اس ناسور سے مر جائیں گے ،جس پر وفاقی حکومت کے وکیل سہیل محمود نے موقف اختیار کیا کہ وزارت صحت نے وزار ت تجارت کو تجویز دی ہے کہ شیشہ کی درآمد پر مکمل پابندی عائد کر دی جائے جس پر وزارت تجارت نے ایک ماہ کا وقت مانگا ہے، عدالت عظمیٰ نے نے وکلاء کے دلائل سننے کے بعد وفاقی حکومت کو شیشہ کی امپورٹ پر پابندی بارے اقدامات کے حوالے سے ایک ماہ کا وقت دے دیا،اور تمام آئی جیز سے شیشہ سے سینٹر کے خلاف کاروائیوں کی رپورٹ طلب کرتے ہوئے وفاقی اور صوبائی حکومتوں سے شیشہ نوشی پر پابندی سے متعلق قانون سازی بارے رپورٹ طلب کر لی ہے ۔