سکیورٹی تنصیبات ،بس اڈوں ،شاپنگ سنٹرز پر دہشت گردانہ حملوں کا خطرہ،وزارت داخلہ نے چاروں صوبوں کو آگاہ کر دیا

پشاور اور اس کے گردونواح کے علاقوں کو دہشت گردانہ کارروائیوں کا زیادہ خطرہ ہے،حساس اداروں کی رپورٹ سکیورٹی اداروں نے اسلام آباد ، لاہور اور خصوصاً خیبرپختونخوا میں سکیورٹی تنصیبات ، بس اڈوں ، شاپنگ سنٹرز اور اہم تفریح گاہوں کی سیکورٹی بھی بڑھا دی

اتوار 12 جون 2016 11:43

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔12جون۔2016ء) شرپسندوں کی اہم سیکورٹی تنصیبات ، معروف بس اڈوں اور شاپنگ سنٹرز پر دہشگردانہ حملوں کی دھمکیاں ، حملوں کے خطرے کے پیش نظر وزارت داخلہ نے قانون نافذ کرنے والے اداروں کی رپورٹ پر چاروں صوبوں کو آگاہ کر دیا ۔ باوثوق ذرائع کے مطابق کالعدم تنظیم ٹی ٹی پی کی جانب سے پشاور ، اسلام آباد ، لاہور اور دیگر بڑے شہروں میں اہم سکیورٹی تنصیبات ، مصروف بس اڈوں ، شاپنگ سنٹرز اور تفریح گاہوں کو نشانہ بنانے کی دھمکیاں دی ہیں وزارت داخلہ نے قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے رپورٹ موصول ہونے پر گلگت بلتستان سمیت ،آزاد کشمیر سمیت چاروں صوبائی حکومتوں کو آگاہ کرتے ہوئے سیکورٹی سخت کرنے کا حکم دے دیا ہے ۔

رپورٹ کے مطابق دہشتگردوں نے پشاور اور آس پاس کے دیگر بڑے شہروں میں اہم سیکورٹی تنصیبات کو نشانہ بنانے کا منصوبہ بنایا ہے اس حوالے سے دہشتگرد اپنے اہداف کو نشانہ بنانے کے لئے اس کا کھوج لگا کر بیٹھے ہیں ۔

(جاری ہے)

ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ خیبرپختونخوا سمیت دیگر بڑے شہروں میں دہشگردانہ حملوں کے لئے 10 دہشتگردوں کو تیار کیا گیا ہے سکیورٹی اداروں نے دہشتگردانہ حملوں کی دھمکیاں موصول ہونے کے بعد اسلام آباد ، پشاور ، لاہور اور خصوصاً خیبرپختونخوا کے بڑے بڑے شہروں میں سکیورٹی تنصیبات ، بس اڈوں ، شاپنگ سنٹرز اور اہم تفریح گاہوں کی سیکورٹی بھی بڑھا دی ہے رپورٹ کے مطابق ملک کی مشہور و معروف پرائیویٹ بس سروس کو بھی دہشتگردی کا نشانہ بنانے کی دھمکیاں موصول ہوئی ہیں جس کی وجہ سے معروف بس سروس کو سیکورٹی اداروں نے احتیاط برتنے اور اپنی سکیورٹی سخت کرنے کی بھی ہدایات جاری کر دیں ہیں سکیورٹی اداروں نے بس سروس کے حکام کو ہدایت کی ہے کہ ملک بھر میں اپنے بس سٹاپس کی سیکورٹی سخت کی جائے تمام مسافروں اور ان کے سامان کی جامع تلاشی کی جائے اور اپنے بس اسٹاپس کے مسافروں خانوں سمیت کیفے اور ٹک شاپس کی بھی بھرپور نگرانی کی جائے اس حوالے سے سیکورٹی اداروں نے اپنی مدد بھی فراہم کر دی ہے جبکہ دہشتگردانہ حملوں کی دھمکیوں کے بعد مسافروں کو بھی محتاط رہنے کی ہدایات کی گئیں ہیں ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ دھمکیوں کے موصول ہونے کے بعد ملک کے بڑے شہروں میں ماہ رمضان کے دوران جمعہ کے اجتماعات ، نماز تراویح اور خصوصاً خریداری کے اہم مراکز میں سکیورٹی سخت کر دی گئی ہے جبکہ حساس اداروں نے دہشتگردوں کی گرفتاری کے لئے اپنی کارروائیاں شروع کر دی ہیں اس کے علاوہ رمضان المبارک اور خصوصاً عیدالفطر کے دنوں میں بھی دہشتگردوں کی سرگرمیوں کو روکنے کے لئے اقدامات کئے جا رہے ہیں ۔

واضح رہے کہ رپورٹ کے مطابق ٹی ٹی پی کے دس شرپسندوں کو ان مذموم مقاصد کے لئے تیار کیا گیا ہے جو سکیورٹی تنصیبات ، بس اڈوں اور دیگر اہم تنصیبات کو نشانہ بنا سکتے ہیں ۔