’پاکستان میں معاملات خفیہ معاہدوں کے تحت چلائے جارہے ہیں‘ قیصر احمد شیخ

حکومت گورننس سے متعلق معنی خیز اصلاحات کرنے میں بھی ناکام رہی ہے، ملکی معاملات کو بیوروکریسی کے رحم و کرم پر چھوڑنا حکومتی ناکامی ہے،ایف بی آر موجود لوگ اپنے کام خفیہ ڈیلز کے ذریعے نکلوارہے ہیں،لیگی رکن اسمبلی بجٹ اجلاس کے دوران حکومت کے خلاف پھٹ پڑے

اتوار 12 جون 2016 11:45

اسلام آباد( اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔12جون۔2016ء ) حکمراں جماعت پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رکن قومی اسمبلی قیصر احمد شیخ نے اپنی ہی جماعت کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا ہے کہ ملک میں تمام معاملات خفیہ معاہدوں کے تحت چلائے جا رہے ہیں، حکومت کی بارہا کوششوں کے باوجود یہ سلسلہ جاری ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے خزانہ کے سربراہ اور پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما قیصر احمد شیخ نے بجٹ اجلاس کے دوران حکومت پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ملکی معاملات کو اپنے ہاتھ میں نہ لینا اور بیوروکریسی کے رحم و کرم پر چھوڑ دینا حکومت کی ناکامی ہے۔

چنیوٹ سے تعلق رکھنے والے قیصر احمد نے اس بات کا بھی اعتراف کیا کہ حکومت گورننس سے متعلق معنی خیز اصلاحات کرنے میں بھی ناکام رہی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ میں گزشتہ 30 برس سے تجارت کررہا ہوں اور یہ بات یقین سے کہہ سکتا ہوں کہ اتنے برسوں میں کچھ بھی نہیں بدلا۔انہوں نے مزید کہا کہ وزارت خزانہ اور فیڈرل بورڈ آف ریوینیو (ایف بی آر) میں کچھ اچھے لوگ بھی موجود ہوں گے لیکن آج بھی لوگ اپنے کام خفیہ ڈیلز کے ذریعے نکلوارہے ہیں۔

قیصر شیخ کو پارلیمنٹ میں حکمراں جماعت سے تعلق رکھنے کے باوجود حکومت پر کھل کر تنقید کرنے پر ارکان نے پھر پور داد دی۔قائمہ کمیٹی برائے خزانہ کے سربراہ کی حیثیت سے اپنے تجربات بیان کرتے ہوئے قیصر شیخ نے کہا کہ مختلف سطحوں پر بدنظمی کی وجہ سے پاکستان کی مجموعی قومی پیداوار کی شرح میں اضافے میں ناکامی کا سامنا ہے۔قیصر احمد نے اپنے ساتھی ارکان پارلیمنٹ اور کمیٹی کے ارکان پر بھی شدید تنقید کی، ان کے مطابق کمیٹی کے اندر ہمیں بیوروکریٹس نے کہا کہ بعض مخصوص معاملات ہیں جن پر آپ اپنے رائے نہیں دے سکتے۔

انہوں نے غصے کے انداز میں کہا کہ جب ہم اپنی رائے ہی نہیں دے سکتے تو کمیٹی میں کیا کررہے ہیں، کیا ہمارا کام صرف باتیں سن کر سر ہلانا ہے؟قیصر احمد نے کہا کہ قانون دانوں کی حیثیت کو کمزور کرنے میں سیکریٹری خزانہ وقار مسعود بہت حد تک ذمہ دار ہیں۔انہوں نے کہا کہ میں وقار مسعود کی ملک کیلئے خدمات کا احترام کرتا ہوں لیکن وہ بھی یہی کہتے ہیں کہ ہم ارکان پارلیمنٹ کا مالی معاملات سے کچھ لینا دینا نہیں۔

قیصر شیخ کو حکومتی اور اپوزیشن بنچوں سے ملنے والی داد کو دیکھ کر اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہا کہ جس طرح آپ کے بیانات کو سراہا جارہا ہے اس سے معلوم ہوتا ہے کہ آپ کی باتوں میں وزن ہے۔اسپیکر ایاز صادق نے ساتھ ہی قیصر شیخ سے کہا کہ بطور کمیٹی چیئرمین آپ کے پاس کافی اختیارات ہیں اور آپ کو مطلوبہ نتائج کے حصول کے لیے انہیں استعمال کرنا چاہیے، بطور چیئرمین آپ کو اپنی سفارشات ضرور دینی چاہئیں۔

متعلقہ عنوان :