عوامی تحریک نے مسلم لیگ (ق) کو 17 جون کے دھرنے میں شرکت کی دعوت دیدی

چودھری پرویزالٰہی سے خرم نواز گنڈاپور کی قیادت میں وفد کی ملاقات،دھرنے میں شرکت کی دعوت قبول کرلی سانحہ ماڈل ٹاؤن کو کوئی بھی فراموش نہیں کر سکتا: رہنما ق لیگ

اتوار 12 جون 2016 11:51

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔12جون۔2016ء) پاکستان مسلم لیگ کے سینئرمرکزی رہنما و سابق نائب وزیراعظم چودھری پرویزالٰہی سے پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈاپور کی قیادت میں وفد نے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی اور انہیں تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہر القادری کی جانب سے 17جون کے دھرنے میں شرکت کا دعوت نامہ پیش کیا۔ وفد میں ساجد نقوی، راجہ ندیم اور ساجد محمود بھی شامل تھے جبکہ مسلم لیگی رہنما میاں منیر احمد بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

خرم نواز گنڈاپور نے چودھری پرویزالٰہی کو ڈاکٹر علامہ طاہرالقادری کی پاکستان آمد کے حوالے سے تفصیلات سے بھی آگاہ کیا۔ چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ ہم ہر فورم پر سانحہ ماڈل ٹاؤن کے بارے میں بات کرتے ہیں، اس سانحہ کو کوئی بھی فراموش نہیں کر سکتا، یہ موجودہ حکمرانوں کے ظلم کی خونی داستان ہے جس کے مظلوموں کو انصاف ملنا ضروری ہے، شہداء کا خون رائیگاں نہیں جانا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ وہ اس سانحہ پر سب سے پہلے منہاج القرآن سیکرٹریٹ پہنچے تھے۔ خرم نواز گنڈاپور نے دعوت نامہ کے ساتھ سانحہ ماڈل ٹاؤن کے حوالے سے ایک پمفلٹ بھی پیش کیا جس میں سانحہ کے بعد اب تک کی صورتحال کے بارے میں بریف کیا گیا ہے۔

متعلقہ عنوان :