قومی احتساب بیورو ملک سے بدعنوانی کے خاتمے کیلئے پرعزم ہے، قمرزمان چوہدری

بدعنوانی کے خلاف نیب نے ” زیرو ٹالرنس “ کی پالیسی اپنا رکھی ہے ، کرپشن کے خلاف شروع کی گئی مہم کے مثبت اثرات سامنے آ رہے ہیں،چیئرمین نیب

پیر 20 جون 2016 09:58

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔20جون۔2016ء)چیئرمین نیب قمر زمان چوہدری نے کہا ہے کہ قومی احتساب بیورو ملک سے بدعنوانی کے خاتمے کیلئے پرعزم ہے، ملک میں بدعنوانی کے خلاف نیب نے ” زیرو ٹالرنس “ کی پالیسی اپنا رکھی ہے ، کرپشن اور بدعنوانی کے خاتمے کیلئے جامع قومی انسداد بدعنوانی حکمت عملی مرتب کی گئی ہے ، مختلف حکومتی ، غیر سرکاری اداروں ، سول سوسائٹی ، میڈیا اور معاشرے کے دیگر طبقات کے ذریعے کرپشن کے خلاف شروع کی گئی مہم کے مثبت اثرات سامنے آ رہے ہیں۔

گزشتہ روز اس آگاہی مہم کے بارے میں آگاہ کرتے ہوئے چیئرمین نیب قمر زمان چوہدری نے بتایا کہ ” کہہ دو کرپشن نہیں“ کے نعرے سے شروع کی جانے والی مہم رواں سال کے دوران اپنے انتہائی عروع پر پہنچ چکی ہے ، مہم کے تحت تمام بینکوں کی اے ٹی ایم مشینوں پر یہ نعرہ بطور اشتہار دیا گیا ہے ۔

(جاری ہے)

انسداد بدعنوانی کے دن2015ء ایوان صدر میں صدر ممنون حسین کی صدارت میں قومی سیمینار منعقد کیاگیا۔

اقوام متحدہ کے تعاون سے بھی سیمینار منعقد کیا گیا جس کی صدارت صدر ممنون حسین نے کی جس میں انہوں نے نیب کی اس مہم کو سراہتے ہوئے انہیں مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی ۔ نیب نے غیر سرکاری تنظیم پلڈاٹ کے تعاون سے بھی سیمینار کا انعقاد کیا۔ نیب اور واپڈا نے باہمی اشتراک سے واپڈا ہاؤس لاہور میں سیمینار منعقد کیا ۔ نیب اور ہائیر ایجوکیشن کے درمیان ایک مفاہمت کی یاداشت پر دستخط کئے گئے ہیں جس کے تحت جامعات کے طالب عملوں میں آگاہی مہم چلائی جائیگی اور اس ضمن میں کردار سازی سوسائٹیاں قائم کی جائیں گی۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کے تعاون سے 2015ء کے ورلڈ کپ کیلئے روانہ ہونے سے پہلے کرکٹ ٹیم نے بھی اس مہم میں حصہ لیا۔ نیب اور پاکستان ہاکی ٹیم نے مل کر بھی اس مہم کو آگے بڑھایا۔ اس کے علاوہ ایس این جی پی ایل ۔ آئیسکو ، لیسکو ، گیپکو ، فیسکو اور کے الیکٹرک کے ساتھ مل کر کرپشن ، بدعنوانی کے خلاف نعرے کو بلز پر پرنٹ کیا جا رہا ہے ۔ پاکستان پوسٹ کے تعاون سے انسداد بدعنوانی کے عالمی دن کے موقع پر خصوصی ٹکٹ جاری کئے گئے ۔

نیب اور پی ٹی اے کے تعاون سے پی آئی اے ، وزارت قومی صحت ، موٹر وے پولیس ، پاکستان فلم سسنر بورڈ اور اسلام آباد ٹریفک پولیس کے ساتھ مل کر آگاہی مہم چلائی جا رہی ہے ۔ انہوں نے کہاکہ سی ڈی اے اور موٹروے پولیس کو تجویز دی گئی ہے کہ وہ بل بورڈز پر یہ پیغام آویزاں اور موٹروے پر سفر کرنے والوں تک نیب کا یہ پیغام پہنچائیں۔ اسلام آباد میں سیاحتی مراکز دامن کوہ ، شکرپڑیاں، ایئر پورٹ اور زیروپوائنٹ میں ایسے بل بورڈ نصب کئے جائیں ۔

تمام پولیس سٹیشنوں پر نیب کے نعرے آویزاں کرنے ، تمام حکومتی ٹینڈر پر کرپشن نہیں کے پیغامات چھاپے گئے ۔ اسلام آباد کے بڑے سڑکوں کے داخلی راستوں پر بھی یہ پیغامات آویزاں کئے گئے ہیں۔ چیئرمین نیب نے کہاکہ انسداد بدعنوانی مہم 2015ء میں شروع کی گئی جو 2016ء میں بھی جاری ہے ۔ ان اقدامات سے دنیا میں ٹرانسپرنسی انٹر نیشنل کی حالیہ رپورٹ کے مطابق پاکستان کا درجہ 126سے کم ہو کر 117تک آگیا ہے جو کہ ایک بڑی کامیابی ہے جبکہ پلڈاٹ کی رپورٹ کے مطابق 42فیصد عوام نیب پر اعتماد کرتے ہیں۔

نیب آرڈیننس کے تحت نیب کو یہ اختیار ہے کہ وہ بدعنوانی کے خلاف کارروائی کرے ۔ نیب نے اپنے قیام سے اب تک 276ارب روپے کی ریکوری کرکے قومی خزانہ میں جمع کرائے ۔ کرپشن کے خاتمے کیلئے جنگ قومی فریضہ ہے ۔ نیب کو موصول ہونے والی عوامی شکایات میں اضافہ نیب پر اعتماد کا مظہر ہے

متعلقہ عنوان :