شریف خاندان کو پروٹوکول دینے پر کاشف سیف ڈپٹی سٹیشن منیجر ہیتھرو ایئر پورٹ تعینات

پی آئی اے انتظامیہ نے قواعد کی خلاف ورزی کرتے ہوئے ٹریفک اسسٹنٹ کاشف سیف کو ڈپٹی سٹیشن منیجر ہیتھرو ایئر پورٹ D-6کے عہدے پر ترقی دی 26سال سے زائد کیریئروالے افسران کاشف سیف کے جونئیر بن گئے ہیں قواعد و ضوابط سے ہٹ کر ترقی دینے پر پی آئی اے ملازمین میں تشویش کی لہر ،ذرائع

پیر 20 جون 2016 10:12

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔20جون۔2016ء) پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائن( پی آئی اے) نے وزیراعظم نوازشریف اور ان کی فیملی کو پروٹوکول دینے والے ایک عام کلرک کاشف سیف کو ڈپٹی سٹیشن منیجر ہیتھرو ایئر پورٹ لندن لگا دیا ہے۔ قواعد و ضوابط سے ہٹ کر ترقی دینے پر پی آئی اے ملازمین میں تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے۔ خبر رساں ادارے کے پاس دستیاب دستاویزات کے مطابق پی آئی اے انتظامیہ نے ٹریفک اسسٹنٹ کاشف سیف C-3کو ڈپٹی سٹیشن منیجر ہیتھرو ایئر پورٹ لندن D-6کے عہدے پر ترقی دی ہے جس میں قواعد کی کھلم کھلا خلاف ورزی کی گئی ہے کاشف سیف نے 2004میں کارگو ڈویژن میں بطور ایئر ٹریفک شمولیت اختیار کی تھی۔

جس میں ان کا کام کارگو آفس میں سیل ایند سروسز کو دیکھنا تھا۔2009میں کاشف سیف کو کارگو ڈویژن سے THSڈیپارٹمنٹ میں تبادلہ کر دیا گیا ہے اور اسے لندن ہیتھرو میں بطور سپروائزر کا عہدہ دیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

اسی دوران کاشف سیف نے پاکستان سے آنیو الے وی وی آئی پی شخصیات کو پروٹوکول دینا شروع کر دیا۔ ذرائع کے مطابق کاشف سیف کو ڈپٹی سٹیشن منیجر کے عہدے پر ترقی وزیراعظم نواز شریف کی فیملی کو پروٹوکول دینے پر دی گئی ہے۔

جس کے سبب 26سال سے زائد کیریئروالے افسران کاشف سیف کے جونئیر بن گئے ہیں۔ ذرائع نے مزید بتایا ہے کہ کاشف سیف کی قواعد و ضوابط سے ہٹ کر ترقی دینے پر پی آئی اے ملازمین میں تشویش کی لہر پائی جاتی ہے۔ اس حوالے سے چیئر مین پی آئی اے کو اس معاملے کا نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔ واضح رہے کہ پی آئی اے میں گزشتہ چند برسوں میں سیاسی تقرریوں کے باعث انتظامی معاملات بگڑ گئے تھے جس کی وجہ سے منافع میں جانے والی ایئر لائن خسارے کا شکار ہو گئی تھی۔

موجودہ حکومت میں دور اقتدار میں آتے ہی پی آئی اے کی نجکاری کا اعلان کیا تھا جس کی ابتدا میں اپوزیشن اور پی آئی اے ملازمین کی جانب سے بھرپور مخالفت کی گئی مگر حکومت کی جانب سے ملازمین کی حقوق کے تحفظ اور جاب سکیورٹی کی یقین دہانی پر اپوزیشن پی آئی اے کو پبلک لمیٹڈ کمپنی بنانے پر رضامند ہو گئی تھی جس کے بعد حکومت نے پی آئی اے کو پبلک لمیٹڈ کمپنی میں تبدیل کرنے کا بل اسمبلی سے متفقہ طورپر منظور کروا لیا ہے۔

متعلقہ عنوان :