پاکستان میں سیکورٹی اورمعاشی صورتحال کی بہتری،دنیا کے سب سے بڑے پراپرٹی کے پلیٹ فارم سٹی سکیپ نے پہلی مرتبہ پاکستان پویلین بنانے کی اجازت دیدی

معاہدے پر دستخط ہوگئے

جمعرات 23 جون 2016 10:08

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔23جون۔2016ء)پاکستان میں سیکورٹی اورمعاشی صورتحال کی بہتری کی وجہ سے دنیا کے سب سے بڑے پراپرٹی کے پلیٹ فارم سٹی سکیپ نے پہلی مرتبہ پاکستان پویلین بنانے کی اجازت دیدی ہے۔ اس سلسلے میں ایک معاہدے پر دستخط کردئیے گئے ہیں۔تفصیلات کے مطابق دنیا بھر میں پراپرٹی کے سب سے بڑے اور معتبر ادارے نے پاکستان کی بہتر ہوتی معاشی و سیکورٹی صورتحال کو دیکھتے ہوئے منگل کو پاکستان کی کمپنی ماس کام سلوشنز کے ساتھ ایک معاہدے پر دستخط کئے ہیں جس کے تحت پاکستان کے رئیل اسٹیٹ سیکٹر میں بین الاقوامی سرمایہ کاری بڑھانے اور بیرون ملک رہنے والے پاکستانیوں کو پاکستان کی طرف راغب کرنے کے لئے دنیا کے آٹھ ممالک میں منعقد ہونے والی نمائشوں میں پاکستان کیلئے خصوصی پویلین بنائے جائیں گے جبکہ پاکستانیوں کو متوجہ کرنے کیلئے اشتہار ی مہم بھی چلائی جائے گی۔

(جاری ہے)

سٹی سکیپ کے ڈائریکٹروالٹر نے بتایا کہ سٹی سکیپ دبئی ،دوحہ ،کویت ،ابوظہبی ،جدہ ،استنبول،مصراورسئیول میں پراپرٹی کی نمائشوں کا انعقاد کرتی ہے جو ساری دنیا کی سب سے بڑی نمائشیں ہیں،اس کے علاوہ بین الاقوامی کانفرنس اور پراپرٹی ایوارڈ ز کاانعقاد بھی کیا جاتا ہے۔اسی طرح پراپرٹی سیکٹر پر معروف میگزین بھی شائع کیا جاتا ہے جبکہ پراپرٹی پر سٹی سکیپ کی رپورٹ دنیا بھر میں معتبر سمجھی جاتی ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ پاکستان رئیل اسٹیٹ سیکٹر کی مقبولیت بین الاقوامی سیکٹر میں تیز ی سے بڑھ رہی ہے اور دنیا بھر کے سرمایہ کار پاکستان کے رئیل اسٹیٹ سیکٹر میں سرمایہ کاری کر نے کے خواہاں ہیں۔اس لئے سٹی سکیپ نے پاکستان کی سب سے بڑی ایونٹ منیجمنٹ کمپنی ماس کام سلو شنز سے معاہد ہ کیا ہے جس کے تحت ماس کام سلوشنز آئندہ پانچ سال تک سٹی سکیپ کے ساتھ کام کرے گی۔

متحدہ عرب امارات میں پاکستانی سفارتخانہ کے ابوظہبی میں کمرشل سیکشن کے انچارج حبیب احمد نے اپنے پیغام میں کہا کہ دنیا کے سب سے بڑے پراپرٹی ایونٹ سٹی سکیپ گلوبل کی طرف سے پاکستان پویلین بنانے کا معاہدہ انتہائی اہمیت کا حامل ہے اور اس سے پتہ چلتا ہے کہ دنیا کا پاکستان پر اعتماد بڑھ رہاہے۔اس موقع پر ماس کام سلوشنز کے سربراہ قمر چوہدری نے بتایاکہ پاکستان میں ہا?سنگ اورتعمیراتی شعبے کی ترقی کے وسیع مواقع موجود ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کو 65لاکھ رہائشی یونٹس کی کمی کا سامنا ہے جبکہ ترقی کرتی ہوئی معیشت کے لئے انفراسٹرکچر میں سرمایہ کاری بڑی اہمیت کی حامل ہے۔سٹی سکیپ کے معاہدے سے بین الاقوامی سرمایہ کاروں کو پاکستان میں سرمایہ کاری کے مواقع سے آگاہی پیدا ہوگی اور انھیں مقامی شراکت دار میسر آئیں گے۔جبکہ بیرونی ممالک مقیم پاکستانیوں کو اپنے ملک میں گھر،فلیٹ اور کمرشل پراپرٹی خریدنے میں آسانی ہوگی۔

انہوں نے بتایا کہ انھیں امید ہے پاکستان کے رئیل اسٹیٹ سیکٹر میں سالانہ کئی ارب ڈالرز کی سرمایہ کاری ہوگی ،خاص طور پر گوادرمیں بیرونی سرمایہ کاری کے بڑے مواقع موجود ہیں۔قمر چوہدری نے بتایا کہ پاکستان میں سیکیورٹی صورتحال میں بہتری اور معاشی ترقی کی رفتارتیز ہونے سے بیرونی سرمایہ کاروں کے لئے پاکستان بڑی منافع بخش مارکیٹ بن گئی ہے۔ضرورت اس امر کی ہے کہ حکومت بیرونی سرمایہ کاروں کو مکمل ملکیت میں زمین خریدنے کی اجازت دے اور ویزا اجراء کے عمل کو تیز تر کیا جائے۔

متعلقہ عنوان :